ڈیجٹل جموں کشمیر پروگرام کا بروقت نفاذ

سرینگر// حکومت نے ڈیجٹل جموں کشمیر پروگرام کے بروقت نفاذ کیلئے چیف سیکریٹری کی سربراہی میں اعلیٰ اختیارتی اور کام چلائو کمیٹیوں کے قیام کو منظوری دی۔ کمیٹی میں3ایڈیشنل چیف سیکریٹریوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔سرکار کے مطابق اس پروگرام کو مشن طریقہ کار پر چلانے کیلئے15رکنی اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی کو چیف سیکریٹری کی سربراہی میں ہری جھنڈی دی گئی۔ کمیٹی میں محکمہ خزانہ کے فائنانشل کمشنر( ایڈیشنل چیف سیکریٹری)،محکمہ صحت و طبی تعلیم کے فائنانشنل کمشنر(ایڈیشنل چیف سیکریٹری) اور محکمہ داخلہ کے فائنانشل کمشنر(ایڈیشنل چیف سیکریٹری) میں ممبر ہونگے۔15نفری اعلیٰ اختیارتی کمیٹی میں فائنانشل کمشنر مال، محکمہ مکانات و شہری ترقی کے پرنسپل سیکریٹری، محکمہ اعلیٰ تعلیم کے پرنسپل سیکریٹری، عمومی انتظامی محکمہ کے پرنسپل سیکریٹری محکمہ مال کے کمشنر سیکریٹری، محکمہ انفارمیشن کے کمشنر سیکریٹری، این آئی سی یڈ کواٹر نئی دلی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل، ڈائریکٹر آئی آئی ٹی جموں، جموں کشمیر ای گورننس ایجنسی کے چیف ایگزیکٹو افسر،آئی ٹی کنسلٹنٹ اور این آئی سی جموں کشمیر کے سٹیٹ انفارمیٹکس افسر شامل یں۔ اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی جموں کشمیر ڈیجٹل پروگرام کی نگرانی کرے گی اور اس کے مشن طریقہ کار پرنفاذ کیلئے پالیسی و حکمت عملی فراہم کرنے کے علاوہ بین الامحکماجاتی مسائل کا ازالہ بھی کرے گی۔ کمیٹی خدمات کے انضمام کے لیے ضروری ہدایات جاری کرنے کے لیے، اول سے آخر تک انجینئرنگ اور مشن موڈ پروگرام کی خدمات کو حتمی شکل دے گی۔ کمیٹی ہر15دنوں میں میٹنگ کا انعقاد بھی کریگی۔عمومی انتظامی محکمہ کے پرنسپل سیکریٹری کی جانب سے جاری آرڈر کے مطابق11رکنی کام چلائو کمیٹی کی کمان عمومی انتظامی محکمہ کے پرنسپل سیکریٹری کو سونپی گئی ہے جبکہ کمیٹی میں محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سیکریٹری،این آئی سی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل، ڈائریکٹر آئی آئی ٹی جموں یا ان کے نمائندے، آئی ٹی کنسلٹنٹ،جموں کشمیر ای گورننس ایجنسی کے چیف ایگزیکٹو افسر، این آئی سی کے سٹیٹ انفارمیٹکس افسر، سی ایس سی جموں کشمیر کے سربراہ، ادھار جموں کشمیر کے سربراہ، سی ڈی اے سی،ڈاٹا سینٹر جموں کشمیر کے انچارج اور کمیٹی کی جانب سے نامزد کوئی بھی ایک ممبر اس کمیٹی کے ممبران ہونگے۔ آرڈر کے مطابق یہ کام چلائو کمیٹی پروگرام سطح پر عمل کے نظام اور فن تعمیر فریم ورک کی نگرانی کرے گی اور. معیارات کو شامل کرنے اور اپنانے اور موبائل پلیٹ فارم کا استعمال اور سیکورٹی سے متعلق پہلوں پر غور کرے گی۔ مذکورہ کمیٹی جموں کشمیر ڈیجٹل پروگرام کے نفاذ کے پیش رفت کا ہفتہ وار بنیادوں پر نگرانی کرے گی۔