بانہال // بارشوں کی وجہ سے جموں سرینگر شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت منگل کی صبح بند ہوگئی۔ شاہراہ کے بند ہونے کی وجہ سے بانہال رامسو اور ڈگڈول رام بن کے درمیان سینکڑوں کی تعداد میں دوطرفہ ٹریفک میں شامل گاڑیاں درماندہ ہو کر رہ گئی ہیں ۔ ٹریفک حکام نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا کہ پیر اور منگل کی رات شدید بارشوں کی وجہ سے ڈگڈول ، پنتھیال اور خونی نالہ سمیت کئی مقامات پر شاہراہ پرپسیاں اور پتھرگر آئے اور یہ سلسلہ بارشوں کے تھمنے تک جاری رہا۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ کے بند ہونے کے بعد ٹریفک کی نقل وحمل ٹنل کے آر پار قاضی گنڈ ، بانہال ، رامسو ، رام بن ، چندرکوٹ اور ادہمپور کے مقامات پر روک دینا پڑی ۔ منگل کی صبح دس بجے بعد سے اگرچہ موسم صاف ہوگیا اور شاہراہ پر بیشتر پسیوں کو صاف کیا گیا لیکن ڈگڈول کے مقام پر ٹریفک کی بحالی میں لگاتار رکاوٹ پیش آئی۔ڈی ایس پی ٹریفک بانہال وشال منہاس نے بتایا کہ ڈگڈول کے مقام پر مسلسل گر آنے والی پسی کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت بحال کرنا ممکن نہیں ہو سکا ۔
ڈگڈول میں پسیاں گر آئیں
