بانہال// سرینگرجموں شاہراہ پرڈگڈول کے قریب گرتے پتھروں کی زد میں آکرایک ٹرک کنڈیکٹر کی موت واقع ہوئی۔ٹرک زیر نمبر-7808 JK03H وادی سے جموں کی طرف جارہا تھا۔معلوم ہوا ہے کہ حادثے کے وقت ٹرک رکا تھا کہ ایک پتھرگر کر ٹرک کنڈکٹر 23 سالہ جنید احمد ولد معراج الدین ساکن ہردو اننت ناگ کو جالگا جس کی وجہ سے وہ نیچے گہری کھائی میں گر کر موقعہ پر ہی لقمہ اجل بن گیا۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی رام بن پولیس اور کیو آر ٹی رام بن کے رضاکارجائے واردات پرپہنچے اور لاش کو اس ناقابل رسائی کھائی سے برآمد کرکے ضلع ہسپتال رام بن منتقل کیا گیا جہاں قانونی لوازمات پورا کرنے کے بعد میت کو ورثاء کے سپرد کیا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں ڈی ایس پی ٹریفک رام بن نے بتایا کہ وہاں سڑک پر کچھ پتھر پہاڑی سے گر آئے تھے اور ٹرک کو نکالنے کیلئے پتھروں کو صاف کرنے کی کوشش میں کندیکٹر جنید احمد مزید گر آنے والے پتھروں کی زد میں آکر نیچے کھائی میں گر گیا۔پولیس نے ضابطہ کی کارروائی شروع کی ہے۔