ڈگڈول میں احتجاج کا ساتواں روز مزدوروں کیساتھ مصنفانہ سلوک کی ضرورت :کانگریس

عظمیٰ نیوز سروس

رام بن //رام بن ضلع کے ڈگڈول علاقہ میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا،ٹاٹا پروجیکٹس اور سب کنٹریکٹرز یونیک یو ایچ پی سی میکرو لائن و دیگر کمپنیوں کیخلاف مزدوروں کی جانب سے شروع کیاگیا احتجاج ساتواں روز بھی جاری رہا ۔اس دوران دو سو سے بھی زائد مزدور اپنی مانگوں کو لے کر احتجاج کررہے ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ان کے جائز مطالبات کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے ۔احتجاج کے دوران مزدوروں نے اپنے حق اور تعمیر اتی کمپنیوں کیخلاف نعرے بازی کی ۔غور طلب ہے کہ ان مظاہرین میں اکثر زمین دہندگان ہیں جو کہ کمپنیوں کے کام سے متاثر ہو ئے ہیں ۔اس دوران کانگریس لیڈر ایڈوکیٹ فیروز خان، این ایس یو آئی کے سابق قومی صدر اور سابقہ یوتھ کانگریس جموں و کشمیر کے ریاستی ورکنگ صدر، کارکنوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے احتجاج میں شامل ہوئے۔ خان نے کارکنوں کو ان کے مقصد کے لئے اپنے مکمل تعاون اور عزم کا یقین دلایا۔ انہوں نے منصفانہ سلوک کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ ذمہ دار کمپنیوں کو چائیے کہ وہ وہ کارکنوں کی شکایات کا فوری ازالہ کریں۔موصوف نے کہاکہ ’’مزدور اس منصوبے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، اور ان کے لئے ایسی نازک صورتحال میں چھوڑنا ناقابل قبول ہے۔ کارکنوں نے مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے رام بن کے ڈپٹی کمشنر اور ایل جی انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل بھی کی ہے۔