ڈگری کالج پونچھ میں کوئز مقابلے کا اہتمام

پونچھ// گورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ کے شعبہ سیریکلچر کے زیر اہتمام مہاتماکرم چند گاندھی کے یوم پیدائش کے سلسلہ میںان کی زندگی کے متعلق ایک کوئز مقابلہ منعقد کیاگیاجس کی صدارت پرنسپل ڈگری کالج پونچھ سید مسرف حسین شاہ نے کی ۔اس پروگرام کے منعقد کرنے کا مقصد جہاں گاندھی جی کے یوم پیدائش کا جشن منانا تھا وہی طلبا کی ذہنی تربیت بھی تھا۔کوئز مقابلے میں پانچ پانچ طلبا کے چار گروپ تشکیل دیئے گئے جنہوں نے مہاتماگاندھی کی زندگی کی مختلف گوشوں کے متعلق کئے گئے سوالات کے جوابات دیئے۔ یہ کوئزمقابلہ ایک سخت مقابلے کے بعد اختتام پذیر ہوا جس میںپہلی پوزیشن حاصل کرنے والوں نے 130نمبرات ،دوسرے پوزیشن پر 110،تیسری پر90اور چوتھی پوزیشن پر آنے والے گروپ نے70نمبرات حاصل کئے۔واضح رہے کہ ان طلبا کو کالج کی سالانہ تقریب پر انعامات سے نوازا جائے گا۔ شعبہ سیریکلچر کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر شمیم احمد بانڈے اور پروفیسر جسبیر سنگھ نے حصہ لینے والے طلبا کی سراہنا کرتے ہوئے پرنسپل ڈگری کالج پونچھ و دیگر عملے کا شکریہ ادا کیا اس دوران نظامت کے فرائض پروفیسر آفتاب نے انجام دیئے۔