ڈگری کالج مینڈھر میں منشیات کے مُضر اثرات پرسیمینار

 
مینڈھر//نیشنل سوشل ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے بینر تلے ڈگری کالج مینڈھر میں ایک سیمینار منعقد کیا گیاجس کی صدارت کالج کے پرنسپل سید شبیر حسین شاہ نے کی جبکہ کرنل مہندرا اس موقعہ پر مہمان خصوصی تھے ۔اس موقعہ پرنیشنل سوشل ڈیولپمنٹ کے چیئرمین سید عظیم علی شاہ نے سیمنار کے مقاصد بیان کرتے ہوئے کہاکہ اسے اس لئے منعقد کیاگیاہے تاکہ نوجوان نسل کو منشیات کے برے اثرات کے بارے میں بتایاجاسکے ۔پرنسپل سید شبیر حسین شاہ نے کہا کہ طلبا قوم کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں اور منشیات کے مکرو ہ رحجانات نوجوان نسل کو گمراہ کر دیتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ منشیات کا شکار نوجوان معاشرے میں بہتری لانے کی بجائے معاشرے پر بوجھ بن جاتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ منشیات کا استعمال ایک ایسی بند گلی ہے جس سے واپسی ممکن نہیں اور منشیات کے شکار افراد کا انجام زیادہ تر بھیانک ہی ہوتا ہے۔شبیر حسین شاہ نے نوجوانوں کو اس لعنت سے دور رہنے کی تلقین کی۔کرنل مہندرا نے کہا کہ منشیات سے پاک معاشرے کے قیام کیلئے ایک بڑی جدوجہد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے عظیم علی شاہ کی سراہنا کرتے ہوئے کہاکہ منشیات کے غلط استعمال و مضر اثرات کی تعلیم کے لئے اسکولوں، کالجوں میں ایسے پروگرام ہوتے رہنے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ منشیات کے عادی ہوجانے والوں کی بھی مدد کی ضرورت ہے ۔اس موقعہ پرڈاکٹر کوشل، مولوی محمد بشیر، شکور احمد خان، ایڈووکیٹ اخلاق احمد چوہان،اے ای ای محمود خان،محمد رشید، امتیاز چوہدری، سرفراش احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نوجوان نسل کو منشیات کے مضر اثرات سے بچانا ہماری قومی ذمہ داری ہے اور منشیات سے بچنے کا سب سے آسان طریقہ آگاہی ہے۔سیمینار میں حصہ لینے والے طالب علم اسد کیانی کو پہلا،فراض عاقب کو دوسرا اوربلال احمد کو تیسراانعام دیاگیا۔