ڈگری کالج مینڈھرکے رسالے کااجرا

مینڈھر//شعبہ اُردو اور این ایس ایس یونٹ، گورنمنٹ ڈگری کالج مینڈھر کے اشتراک سے کالج میگزین کے رسم اجرا کے سلسلے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں پروفیسر تیجندر سنگھ،پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ اورپروفیسر مصرف حسین شاہ، پرنسپل، گورنمنٹ ڈگری کالج سرنکوٹ باالترتیب مہمانِ خصوصی اور مہمانِ ذی وقار کی حیثیت سے شریک تھے جبکہ پروفیسر شبیر حسین شاہ، پرنسپل، گورنمنٹ ڈگری کالج مینڈھر نے تقریب کی صدارت کے فرائض انجام دیئے۔ اِس موقع پر بولتے ہوئے پروفیسر مصرف حسین شاہ،پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج سرنکوٹ نے کالج انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی ۔انہوں نے کہاکہ کالج میگزین اساتذہ اور طلبہ کی علمی،ادبی اور تحقیقی پیش رفت کا آئینہ دار ہوتا ہے اور کا لج میگزین ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو طلبہ کو موقع فراہم کرتا ہے کہ وہ اپنی مخفی قوتوںکو جلا بخشیں۔ا نھوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لا ئیںاورایک صحت مند علمی ماحول کے قیام کی راہ ہموار کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ علم و ادب کا بنیادی مقصد ایک صحت مند اور تعصب سے پاک معاشرے کی تخلیق ہوتا ہے۔اِس لیے یہ نئی نسل کا فرض بنتا ہے کہ ایسے معاشرے کو وجود میں لانے میں اپنا کردار اداکریں۔ تقریب سے پروفیسر شبیر حسین شاہ اور پروفیسر یتجندر سنگھ نے خیالات کااظہارکیا۔ پروگرام میں کالج فیکلٹی کے علاوہ طلبہ کی بھاری تعداد نے شرکت کی۔