ڈگری کالج تھنہ منڈی میں شجر کاری مہم کا آغاز

 تھنہ منڈی // گرین جموں و کشمیر مہم کے چلتے تھنہ منڈی کے گورنمنٹ ڈگری کالج کیمپس میں اسکول منتظمین اور کالج کے شعبہ نباتیات کے اشتراک سے شجر کاری مہم کا آغاز کیا گیا۔ پروگرام کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر جاوید احمد قاضی کی سرپرستی میں منعقد ہوا جس کا آغاز کالج کے پرنسپل جاوید احمد قاضی نے اسکول احاطے میں پودہ لگا کر کیا۔ اس مہم کے تحت شعبہ نباتیات کے سربراہ ڈاکٹر تجندر سنگھ نے محکمہ جنگلات نوشہرہ کی نرسری سے پودے کی مختلف اقسام اکٹھی کیں جس کے تحت تقریباً 18 پودے لگائے گئے۔ اس پروگرام میں کالج انتظامیہ اور این ایس ایس کے رضاکاروں کے علاوہ دیگر کئی طلباء نے بھی شرکت کی۔کالج کے پرنسپل جاوید احمد قاضی نے طلباء اور عوام سے ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے میں درختوں کی اہمیت سے واقف کرایا۔انہوں نے مزید کہا کہ شجر کاری سے نہ صرف ماحولیاتی توازن برقرار رہتا ہے بلکہ یہ صدقہ جاریہ بھی ہے جب تک درخت کی چھاؤں پھل یا کسی اور طریقے سے لوگ استفادہ حاصل کریں گے، درخت لگانے والے کو صدقہ ملتا رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گرین جموں کشمیر مہم کے تحت شجرکاری کا مقصد لوگوں میں اس حوالے سے شعور پیدا کرنا بھی ہے۔ کالج میں شجر کاری مہم کا اہتمام این ایس ایس کے پروگرام آفیسر پروفیسر محمد شوکت نے کیا تھا۔