ڈپٹی کمشنر پونچھ کا علماء و معززین سے اجلاس

پونچھ // ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر نے ماہ رمضان کے الوداعی جمعہ،شبہائے قدراور عیدالفطر کے پیش نظر کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلہ میں جامع مساجد کے تمام علمائے کرام اورمعزز شہریوں کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی ۔اس موقعہ پرانہوں نے انتظامات کے حوالے سے تمام شرکاء سے تبادلہ خیال کیا ۔میٹنگ میں ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مسرور احمد میر، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو اشرف چوہدری، ایگزیکٹو انجینئر محکمہ پی ایچ ای، محکمہ تعمیرات عامہ،محکمہ بجلی ، میونسپل کونسل کے چیف ایگزیکٹو افسر ارشاد حسین صوفی ، اے ڈی فوڈ اینڈ سپلائی، اسسٹنٹ کنٹرولر لیگل میٹرولوجی اور تحصیلدار حویلی بھی موجود تھے۔ اس دوران مقررین نے مقدس دنوں میں مؤثر انتظامات کو یقینی بنانے ، صفائی ،اشیاء خوردنی کی قیمتوں میں اعتدال لانے اور بجلی، پانی اور راشن کی فراہمی کو یقینی بنانے کی اپیل کی ۔ انہوں نے کہا کہ مساجد کے ارد گرد کے علاقوں میں صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جائیںاور عید گاہ کے قریب عارضی بیت الخلاء تعمیر کئے جائیں ۔ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے تمام لوگوں کو سننے کے بعد ضروری انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت دی۔انہوں نے ایگزیکٹو انجینئر پی ایچ ای کو ہدایت دی کی وہ ان مقدس ایام کے دوران مرکزی عید گاہ کے قریب ایک عارضی وضو خانہ تعمیر کریں تاکہ نمازیوں کو وضو کرنے میں کوئی تنگی نہ ہو ۔انہوں نے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔انہوں نے محکمہ پولیس کے افسران کو بھی ہدایت دی کہ ان مقدس ایام میں عوام کو حفاظت فراہم کرنے کے کڑے انتظامات کئے جائیں۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ لوگوں کی حفظان صحت کا خیال رکھتے ہوئے باقاعدہ مارکیٹ میں فروخت کی جارہی اشیاء خوردنی ، سبزی،پھل کی جانچ پڑتال کرتے رہیں۔