ڈپٹی کمشنر نے پانی و بجلی سپلائی کا جائزہ لیا

 پونچھ //ڈپٹی کمشنر پونچھ محمد اعجازاسد نے محکمہ پی ایچ ای اور محکمہ بجلی کے افسران کی ایک میٹنگ لیکر ضلع میں سپلائی صورتحال کاجائزہ لیا ۔اس موقعہ پر انہوںنے افسران پر زور دیاکہ وہ محکمہ جات کی کارکردگی میں بہتری لائیں اور عوامی شکایات کا ازالہ کیاجائے ۔میٹنگ میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر اے ایچ وانی ، سی پی او سیوا رام بھگت ،ایگزیکٹو محکمہ بجلی مقبول نائیک ، ایگزیکٹو محکمہ پی ایچ ای راجندر شرما ، اے ای ایز ، جونیئر انجینئر وغیرہ بھی موجو دتھے ۔اس موقعہ پر یہ بتایاگیاکہ ضلع میں پانی کی39نئی سکیمیں شروع ہوںگی جس سے پانی کی سپلائی میں بہتری آئے گی ۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ پانی کے ذخائر کو تحفظ دیاجائے اور پہلے سے چل رہی سکیموں کو کار گر بنایاجائے ۔انہوں نے افسران پر زور دیاکہ وہ حاضری کو یقینی بنائیں اور وقت بروقت معائنہ بھی کریں ۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ بجلی کے افسران کو ہدایت دی کہ تراویح، سحری اور افطاری کے وقت بجلی کٹوتی نہیں ہونی چاہئے اور خراب ہونے والے ٹرانسفارمروں کوفوری طور پر تبدیل کیاجائے جس کیلئے ضلع میں ٹرانسفارمر بینک قائم کیاگیاہے ۔