سری نگر// ضلع میں کووڈ-19 کے مثبت معاملات میں تیزی سے اضافہ کے پیش نظر ڈپٹی کمشنرسری نگر، محمد اعجااز اسد نے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس راکیش بلوال کے ہمراہ جمعہ کو سری نگر شہر کے مختلف بازاروں کا معائنہ کیا۔جن میں مہاراجہ بازار، سریابالا، جہانگیر چوک، لال چوک، گھنٹہ گھر، ریذیڈنسی روڈ، ریگل چوک، پولو ویو، بٹہ مالو اور دیگر ملحقہ کاروباری مراکز شامل ہیں ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے تاجروں، ٹرانسپورٹروں اور پیدل چلنے والوں سے بات چیت کی اور ان سے کہا کہ وہ وسیع تر عوامی تحفظ اور صحت کے لیے حکومتی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ سروس پرووائیڈرز کی جانب سے ایس او پیز پر عمل درآمد کی نگرانی کریں اور کووڈ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی پر زور دیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مہاراج بازار میں کووڈ-19 کے رہنما خطوط کی خلاف ورزی کرنے پر کچھ کاروباری اداروں کو سیل کرنے کا حکم دیا۔
شہر میں مزید 8علاقے
بندش زدہ زمرے میں لائے گئے
پرویز احمد
سرینگر//سرینگر میں کوروناکیسوں میں تیزی آنے کے بعدضلعی انتظامیہ سرینگر نے8متاثرہ علاقوں ومقامات کو بندش زدہ زون قرار دیا ہے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جن علاقوںکی مائیکرو کنٹینمنٹ زونوں کے طور پر نشاندہی کی گئی ہے،اُن میں حیدر پورہ پوسٹ آفس لین، رحمت آباد کالونی حیدر پورہ، شاہ ہمدان کالونی لین نمبر3 بی، مصطفی آباد ایچ ایم ٹی، عثمان کالونی گوری پورہ صنعت نگر، کنی تارصدربل، بٹہ پورہ متصل میونسپل آفس ، کشمیر یونیورسٹی کوارٹرز اور میر مسجد شالہ باغ خانیارشامل ہے۔حکام نے بتایاکہ بندش زدہ زمرے میں لائے گئے سبھی مقامات پرکوروناکوپھیلنے سے روکنے کیلئے ضروری اقدامات اُٹھائے گئے ہیں ۔