ڈپٹی کمشنر راجوری کا سندر بنی میں عوامی دربار

 
 راجوری//ڈپٹی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد نے نوشہرہ ، درہال اور منجاکوٹ کے بعد سندربنی میں عوامی دربار منعقد کرکے لوگوں کے مسائل سے آگاہی حاصل کی ۔اس عوامی دربار کے دوران مقامی لوگوں نے پانی و بجلی کی سپلائی میں بہتری ، سب ضلع ہسپتال سندر بنی میں ڈاکٹروں کی تعیناتی ،نریگااجرتوں کی واگزاری ،قصبہ سے ناجائز تجاوزات کے خاتمے ،ہسپتال کیلئے اضافی ڈھانچے کی تعمیر، فوج کے زیر تصر ف اراضی کا بروقت معاوضہ دینے ، گندم کی فصلوں کے نقصان پر معاوضے کی ادائیگی اورٹریفک جام سے نجات دینے جیسے مسائل اجاگر کئے۔اپنے خطاب میں ڈپٹی کمشنرنے کہاکہ انتظامیہ کی طرف سے عوام کو بہتر سے بہتر خدمات کی فراہمی میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی جائے گی اور وہ عوام کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ جائز مطالبات پورے کئے جائیں گے ۔ اس موقعہ پر یہ فیصلہ لیاگیاکہ سندربنی میں پانی ذخیرہ کرنے کے ایک سو ٹینکوں کی تعمیر کی جائے گی ۔ڈپٹی کمشنر نے پچاس میگاواٹ والے گرڈ اسٹیشن کی تعمیر کیلئے بیس دسمبر تک کی ڈیڈ لائن مقررکرتے ہوئے کہاکہ اس سے بجلی کی قلت کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔میٹنگ کے دوران سندر بنی میں فائر سروس سٹیشن کے قیام ، پارک اور کھیل کود کا میدان تعمیر کرنے کے معاملات بھی سامنے آئے جس پر ڈپٹی کمشنر نے یقین دلایاکہ وہ اس حوالے سے ضروری اقدامات کریں گے ۔انہوں نے بتایاکہ قومی شاہراہ کے ساتھ مسافر شیڈ اور سینٹری کمپلیکس بنانے کا فیصلہ لیاگیاہے اورسرحدی مکینوں کو حفاظت کیلئے بینکر تعمیر کرکے دیئے جائیں گے ۔انہوں نے موقعہ پر موجود افسران کو ہدایت دی کہ وہ محنت اور لگن سے کام کریں اور لوگوں کو بہتر سے بہتر خدمات فراہم کریں ۔ انہوں نے کہاکہ ان سکیموں کا فائدہ عوام تک پہنچایاجائے جو حکومت نے ان کی فلاح و بہبود کیلئے شروع کی ہیں ۔اس موقعہ پر اے ڈی سی سندر بنی گرمکھ سنگھ ، سی پی او عبدالحمید چوہدری ، ڈی پی او ڈاکٹر عبدالخبیر ، ڈی ایس ڈبلیو او نصیب احمد ، اے ڈی امور صارفین جاوید اقبال ، اے ڈی فشری ایم ایس وانی ، سی ایم او ڈاکٹر سریش گپتا، بی ایم او سندیپ شرما، سی ڈی پی او سندر بنی و دیگر افسران بھی موجو دتھے ۔