ڈپٹی کمشنر راجوری سرکاری دفاتر کا اچانک معائنہ

 نوشہرہ //ڈپٹی کمشنر راجوری محمد اعجازاسد نے نوشہرہ کے سرکاری ہسپتالوں کا اچانک معائنہ کرکے غیر حاضر پائے گئے ملازمین کے خلاف کارروائی کا حکم جاری کیا ۔ڈپٹی کمشنربعد دوپہر نوشہرہ کے سرکاری ہسپتال پہنچے اور انہوں نے اس دوران ایمرجنسی وارڈ سمیت متعدد وارڈوں کا معائنہ کرکے ڈاکٹروں کا روسٹر اور ان کی حاضری کا معائنہ کیا ۔ اس دوران بی ایم او ڈاکٹر چندر شرما کو ڈائریکٹر دفتر جموں دکھایاگیاتھاجبکہ ڈاکٹر لیاقت چوہدری ، ڈاکٹر وجے کمار ، ڈاکٹر راجیش گپتا و ڈاکٹر گوپال شرما بغیر درخواست کے غیر حاضر پائے گئے جن کے نام اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیاگیاہے ۔اس کے بعد ڈپٹی کمشنر نے سی ڈی پی او دفتر کا بھی معائنہ کیا جہاں سی ڈی پی او بھی حاضر نہ تھے ۔یہ بھی دیکھاگیاکہ سی ڈی پی او دفتر کے باہر کوئی بھی بورڈ نہیں لگایاگیا جس کی وجہ سے لوگو ں کو دفترکے بارے میں پتہ ہی نہیں چل پاتا۔ڈپٹی کمشنر نے ویٹرنری ہسپتال کا دورہ بھی کیا جہاں متعلقہ افسر غیر حاضر پایاگیا۔ڈپٹی کمشنر نے زونل ایجوکیشن افسر دفتر کا معائنہ بھی کیاجہاں زیڈ ای او کو حاضر نہیں پایاگیا اور دریافت کرنے پر بتایاگیاکہ وہ فوج کی کسی تقریب میں شرکت کرنے گئے ہوئے ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر نے ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہاکہ سرکاری دفاتر میں حاضری کم ہونے کی شکایت ملنے پر انہوں نے یہ اچانک کارروائی کی ہے اور غیر حاضر پائے گئے تمام ملازمین کے خلاف کارروائی کا حکم جاری کردیاگیاہے ۔