بانڈی پورہ// ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے سمبل سب ڈویژن میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔انہوں نے سنیچر کو علاقے کا دورہ کیا ۔ان کے ہمراہ جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ امتیاز احمد، سب ڈویژنل مجسٹریٹ ڈاکٹر بشیر احمد اور مختلف محکموں کے ایگزیکٹو انجینئر اور پنچایت راج اداروں کے ارکان بھی تھے۔ڈپٹی کمشنرنے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا جن میں پلوں کی تعمیر، بجلی کے بنیادی ڈھانچے میں اضافہ، جل جیون مشن ، نکاسی آب کی اپ گریڈیشن کے علاوہ صحت اور تعلیم کے شعبہ شامل ہے ۔اس موقع پرمتعلقہ افسران نے پروجیکٹس کی پیشرفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ڈاکٹر اویس نے ان تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کی ہدایت کی جو منصوبوں کی جلد تکمیل میں رکاوٹ بنے ہیں۔ انہوں نے موسم کی بہتری کے ساتھ کاموں کو تیز کرنے کی ہدایت کی تاکہ منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جا سکے۔ انہوں نے کام کے معیار کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔ ڈپٹی کمشنر نے بجلی کے منظر نامے کا بھی جائزہ لیا اور افسران کو بجلی کی باقاعدہ فراہمی کو یقینی بنانے کے علاوہ موجودہ پاورنظام کو بڑھانے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے بوائز ہائی سکول سمبل ،گرلز ہائی سکول سوناواری اور ڈگری کالج سمبل کا بھی دورہ کیا اور سکولوں کوکھولنے کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سکولوں کی ہر ممکن مدد کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ ڈاکٹر اویس نے PRIs سے بھی بات چیت کی جنہوں نے ڈپٹی کمشنر کو مفاد عامہ کے مختلف مسائل سے آگاہ کیا اور ان سے مداخلت کی درخواست کی۔ ڈاکٹر اویس نے تمام ممبران کو صبر سے سنا اور شکایات کے جلد ازالے کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔
ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ کا معیار برقرار رکھنے پر زور
