ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ کا دوروزہ دورہ گریزوتلیل

 بانڈی پورہ//ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ نے گریزاور تلیل کے دوروزہ دورے کے دوران حکام کو ہدایات دی کہ موسم سرما کے پیش نظر اِن دورافتادہ علاقوں میں عوام کی سہولت کیلئے تمام ممکنہ اقدام کئے جائیں اور لوگوں کو درپیش مسائل کافوری ازالہ کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ نے جمعرات کو نوگام اور گلستان سمبل میں عوامی دربار منعقد کئے ۔اس دوران علاقے کے لوگوں نے ڈپٹی کمشنر کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا اورمطالبہ کیا کہ موسم سرما کی آمد کے پیش نظر ان علاقوں میں عوام کو درپیش مسائل کا فوری طور ازالہ کیا جائے۔لوگوں نے ان علاقوں میں پینے کے پانی کی قلت اوربجلی کی لوڈ شیڈنگ سے پیدا ہونے والی مشکلات ڈپٹی کمشنر کے گوش گذار کیں۔اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایات دیں کہ وہ لوگوں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے فوری طور کارروائی کریں ۔ڈپٹی کمشنر نے لوگوں کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔