ڈپٹی کمشنروں اور ایس ایس پیز کی کانفرنس

سرینگر//پرنسپل سیکرٹری خزانہ نوین کمار چودھری نے ریاست کے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں سے تلقین کی ہے کہ وہ التواء میں پڑے تمام ترقیاتی پروجیکٹوں کو رواں مالی سال کے دوران مکمل کرنے کو ترجیح دیں۔سیکرٹری موصوف ریاست کے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں اور ضلع پولیس سربراہوں کی یک روزہ کانفرنس میں اُن کے ساتھ تبادلہ خیال کر رہے تھے۔انہوں نے ڈپٹی کمشنروں سے کہا کہ وہ ہر پروجیکٹ کے تعلق سے ایک تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ اور ترجیحی فہرست تیار کریں۔انہوں نے ڈپٹی کمشنروں سے کہا کہ رقومات کی واگذاری کے بعد انہیں التواء میں پڑے پروجیکٹوں کی رواں مالی سال کے دوران تکمیل کو یقینی بنانا ہوگا۔ڈپٹی کمشنروں کی جانب سے اُبھارے گئے معاملات کے رد عمل میں نوین چودھری نے کہا کہ تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں کے دفاتر میں عنقریب اکاؤنٹس افسران تعینات کئے جائیں گے جو ڈپٹی کمشنروں کے دفتر میں مالی صلاحکاروں کی حیثیت سے کام کریں گے۔منصوبہ بندی و ترقی محکمہ کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل نے بھی ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ضروری ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ انہیں ضلع پلان کے تحت ترجیح کے لحاظ سے پروجیکٹوں کے لئے رقومات واگذار کرنی چاہئیں۔کمشنر سیکرٹری جنگلات نے ڈپٹی کمشنروں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں ناجائیز تجاوزات کو ہٹائیں تا کہ جنگلاتی اراضی کو ان قبضوں سے خالی کرایا جاسکے۔انہوں نے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کے لئے فارسٹ کلئیرینس سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے عمل میں تیزی لانے کے لئے کہا۔سیکرٹری سماجی بہبود فاروق احمد لون نے کہا کہ محکمہ ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ ڈِس ایبلٹی رہیبلی ٹیشن سینٹر قائم کررہا ہے تا کہ جسمانی طور ناخیز افراد کو جامع خدمات فراہم کی جاسکیں۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنروں سے کہا کہ وہ اس مقصد کے لئے مناسب جگہ کی نشاندہی کریں۔ سیکرٹری یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس و اطلاعات سرمد حفیظ نے کہا کہ کھیلو انڈیا مہم کے تحت ہر ضلع میں 10 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کر کے کھیل کود کے بنیادی ڈھانچے کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔سرمد حفیظ نے کہا کہ محکمہ اطلاعات نے حال ہی میں تمام اضلاع میں ضلع اطلاعاتی افسر تعینات کئے ہیں تا کہ سرکاری پروگراموں کی تشہیر کو یقینی بنایا جاسکے۔کمشنر سیکرٹری بجلی ہردیش کمار سنگھ نے کہا کہ محکمہ ریاست کے اُن تمام علاقوں کو بجلی کی سہولیات فراہم کررہا ہے ابھی تک اس سہولت سے محروم ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں ہر گھر کو اگلے برس کے آخر تک بجلی کی سہولت فراہم کی جائے گی۔صحت و طبی تعلیم محکمہ کے پرنسپل سیکرٹری اتل ڈلو نے ڈپٹی کمشنروں کے ساتھ تبادلہ خیال کے دوران کہا کہ انہیں اپنے اپنے اضلاع میں دستیاب طبی سہولیات اور نگہداشت میں بہتری کے اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں نیشنل ہیلتھ مشن کے تحت طبی ڈھانچوں میں بہتری کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے ریاست میں میزلز۔ روبیلا ٹیکہ کاری مہم چلانے کے تعلق سے بھی ڈپٹی کمشنروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔