ڈوگرہ صدرسبھا کے زیراہتمام نمبرداروں وچوکیداروں کااجلاس

جموں// صوبہ جموں کے نمبرداروں اور چوکیداروں کی ایک میٹنگ یہاں ڈوگرہ صدر سبھا جموں کے پرچم تلے منعقد ہوئی ۔ سابق  وزیر، صدر ڈوگرہ صدر سبھا اور نمبر داروں اور چوکیدار ایسوسی ایشن جموں وکشمیر کے سرپرست گلچین سنگھ چاڑک اس موقعہ پر مہمان خصوصی تھے ۔ ایسوسی ایشن کے ممبران نے 29؍ ستمبر2017ء کو جاری کئے گئے SRO-412 سے متعلق اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے چوکیداروں اورنمبرداروں سے متعلق رولز وریگولائزیشن خصوصی طورپر انتخابات /تقرری کے لئے عمر کی حد کے بارے میں کئی بار ترامیم کی گئیں۔ ایسوسی ایشن نے اس آر او پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس ایس آر او کی وجہ سے زمینی سطح کے ان جمہوری اداروں کا کام کاج متاثر ہوا ہے۔ اس کے علاوہ ایسوسی ایشن نے جموں خطہ کے لوگوں خصوصی طورپر کسانوں کو آبپاشی کی ناکافی سہولیات ، بجلی کی باربار کٹوتی اجناس خوردنی اورتیل خاکی کی سپلائی میں کمی پر تشویش کا اظہار کیا ۔ جموں صوبہ کی ایسوسی ایشن کی جنرل باڈی کی میٹنگ 10؍ دسمبر2017کو منعقد ہوگی جس میں ان مسائل کے ازالہ سے متعلق لائحہ عمل طے کیاجائے گا ۔