ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے چودہ ڈی ڈی سی حلقوں میں 101 امیدواروں کی سیاسی قسمت کا فیصلہ آج ہوگا۔ووٹنگ کیلئے 698 پولنگ مراکز قائم کئے گئے تھے۔ضلع میں ووٹنگ کی مجموعی شرح 65.78 فیصد رہی ہے اور 266892 رائے دہندگان میں سے 175568 رائے دہندگان نے اپنے رائے دہی کا استعمال کیا تھا۔ذرائع کے مطابق بیشتر حلقوں میں بھاجپا، کانگریس و نیشنل کانفرنس کے امیدواروں کے درمیان تکونی مقابلہ ہے جبکہ کچھ حلقوں میں آزاد امیدوار آگے ہیں۔اس دوران ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات کے ووٹوں کی گنتی کے حوالے سے ڈوڈہ میں جہاں دفعہ 144 نافذ کیا گیا ہے وہیں سخت حفاظتی انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔ضلع الیکشن آفیسر ڈوڈہ ڈاکٹر ساگر ڈی ڈوئی فوڈے نے اس حوالے سے ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا جس دوران انہوں ووٹوں کی گنتی کے سلسلہ میں کئے گئے انتظامات کے بارے میں جانکاری دی۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں صاف و شفاف طریقے سے گنتی کرنے و امن و قانون کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے سخت حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول ڈوڈہ و ڈگری کالج میں 14 گنتی حال قائم کئے گئے ہیں۔ڈی سی نے کہا کہ ووٹنگ کا عمل صبح 9 بجے شروع کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ گنتی مراکز میں ضلع مجسٹریٹ کی جانب سے جاری شناختی کارڈ کے بناء کوئی بھی داخل نہیں ہو سکتا ہے۔ انٹرنیٹ سروس معطل رکھنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ضلع میں انٹرنیٹ سروس بند نہیں رہے گی۔ڈی سی نے عوام و سیول سوسائٹی ممبران سے اپیل کی کہ وہ سیول و پولیس انتظامیہ کو اپنا ہر ممکن تعاون فراہم کریں۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز ڈپٹی کمشنر نے ضلع میں انٹرنیٹ سروس معطل رکھنے کی سفارش کی تھی لیکن عوامی و سیاسی حلقوں میں اس کا شدید ردعمل کا اظہار کیا گیا جس کے بعد انہوں نے اس فیصلے کو واپس لیا۔