ڈوڈہ کے پولیس تھانہ بھدرواہ، گندوہ ،ٹھاٹھری، عسر و دیسہ میں “وومن ہیلپ ڈیسک” قائم

ڈوڈہ //روزمرہ کی زندگی میں خواتین پر ہورہے گھریلو تشدد و ان سے جڑے دیگر مسائل کا ازالہ کرنے کے لئے ڈوڈہ ضلع کے پانچ پولیس تھانوں میں "وومن ہیلپ ڈیسک" قائم کئے گئے جہاں پر تعینات خواتین اپنی شکایات آن لائن و سوشل میڈیا کے ذریعے درج کرواسکتی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق خواتین تک پولیس کی براہ راست رسائی پہنچانے کے لئے تھانہ پولیس بھدرواہ ،گندوہ ،ٹھاٹھری، عسر و دیسہ میں وومن ہیلپ ڈیسک قائم کئے گئے جہاں پر خواتین عملہ کی تعیناتی عمل میں لائی گئی۔پولیس بیان کے مطابق ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کا مقصد پولیس تھانوں کو خواتین دوست و قابل رسائی بنانا ہے۔ ہیلپ ڈیسک پر تعینات خواتین پولیس کو عورتوں سے جڑے معاملات سے نپٹنے کے لئے پہلے ہی تربیت دی گئی ہے.۔ ہیلپ ڈیسک ضرورت پڑنے پر وکلاء، ماہر نفسیات و غیر سرکاری تنظیموں کی مدد بھی لے سکتی ہے۔ پولیس بیان کے مطابق ہیلپ ڈیسک کو عورتوں سے جڑے معاملات کا اندراج کرنے و انہیں اعلی حکام کو بھیجنے و متاثرہ خاتون کو مکمل حمائت کرنے کا اختیار ہوگا۔ پولیس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہیلپ ڈیسک میں تعینات عملہ کو مزید تربیت یافتہ و جانکار بنانا ضلع پولیس کی ترجیحات میں شامل ہوگا اور یہ ڈیسک عورتوں کے لئے ہیپنگ ہینڈ و خواتین پر ہورہے جرائم کے واقعات میں کمی لانے کے لئے کارگر ثابت ہوں گے۔