ڈوڈہ کے بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری

 ڈوڈہ //اتوار کو دوپہر تک موسم سازگار رہنے کے بعد پھر سے ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جس کے نتیجے میں عوامی زندگی متاثر ہوئی۔مسلسل بارشوں سے جہاں ندی و نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا وہیں گندوہ، بھلیسہ، کاہرہ ،بونجواہ ،چرالہ ،ٹھاٹھری ،گندنہ ،بھدرواہ و دیگر مضافات میں فصلوں، پھلدار درختوں، سبزیوں و سینکڑوں کنال زرعی اراضی کو بھاری نقصان پہنچا ہے جس کے باعث کسان و زمیندار سخت پریشان ہیں۔اس دوران نکاسی بجلی کے ترسیلی نظام و پانی کی اسکیموں کو بھی نقصان پہنچا ہے جس کے نتیجے میں درجنوں دیہات میں پانی و بجلی نظام متاثر ہوا ہے۔ادھر سب ڈویژن گندوہ، تحصیل کاہرہ و بونجواہ میں 33 کے وی میں ہفتہ کی شام خرابی آنے کے باعث بیس گھنٹوں کے بعد بجلی کو بحال کیا گیا۔کشمیر عظمی سے بات کرتے ہوئے ڈی ڈی سی ممبر کاہرہ معراج الدین ملک نے کہا کہ حالیہ تباہ کن بارشوں سے جہاں شہر و گام کی رابطہ سڑکیں خستہ حال ہو چکی ہیں وہیں درجنوں مقامات پر عارضی پل بہہ گئے ہیں جبکہ نکاسی نظام و حفاظتی دیواروں کی عدم دستیابی سے متعدد رہائشی علاقوں میں بارش کا پانی داخل ہوا ہے۔انہوں نے ضلع و مقامی انتظامیہ سے پانی، بجلی و سڑک رابطوں کی بحالی و متاثرین کو مالی امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔