ڈوڈہ کی بھاگواہ تحصیل واقع پنچایت منجمی میں طبی سینٹر عرصہ دراز سے بند

ڈوڈہ //ڈوڈہ کی بھاگواہ تحصیل واقع پنچائت منجمی میں قائم سب سنٹر عرصہ دراز سے تالا بند رہنے کی وجہ سے مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔سابق ریاستی صدر آل انڈیا اسٹوڈنٹ فیڈریشن مکیش پریہار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈوڈہ ضلع کے دور افتادہ علاقوں میں پہلے ہی ناقص طبی سہولیات کی وجہ سے عوام کو دوچار ہونا پڑ رہا ہے وہیں پنچائت منجمی کا نیا قائم کیا گیا طبی سینٹر پچھلے ایک سال سے بند پڑا ہے اور متعلقہ حکام خاموش ہیں۔انہوں نے بھاجپا حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ یہ جماعت عوام کی دہلیز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی کا دعوی کرتی ہے لیکن زمینی حقائق کچھ مختلف ہیں۔پریہار نے کہا کہ ضلع صدر مقام ڈوڈہ سے صرف بیس کلومیٹر کی دوری پر واقع ہیلتھ سنٹر میں تعینات طبی عملہ کو گذشتہ برس کوڈ کے بہانے اٹھایا ہے لیکن تاحال ان کی واپسی نہیں کی گئی۔انہوں نے ضلع انتظامیہ سے معاملہ کی تحقیقات کرنے ع ہیلتھ سینٹر میں عملہ و بنیادی ڈھانچہ کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔