ڈوڈہ پٹوار ایسوسی ایشن کا اپنے مطالبات کو لے کر احتجاج

ڈوڈہ//آل جموں و کشمیر پٹوار ایسوسی ایشن ڈوڈہ اکائی کی جانب سے اپنے جائز مطالبات کو لیکر ایک زبردست احتجاج ضلع صدر مقام ڈوڈہ کیا گیا۔ احتجاج میں ضلع کے تمام پٹواریوں و گرداوروں نے شرکت کی۔ اس احتجاج کی قیادت ایسوسی ایشن کے صدر ریاض احمد لون کررہے تھے جبکہ دیگرعہدیداران بھی موجود تھے۔ اپنے خطاب میں ریاض احمد لون نے الزام لگا یا کہ حکومت ان کے مطالبات کو مسلسل نظر انداز کررہی ہے جس سے تنگ آکر اُنہوں نے کام چھوڑ ہڑتال شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ جب تک ان کے تمام مطالبات کو تسلیم نہیں کیا جاتا تب تک کام چھوڑ ہرٹال اور مظاہرے جاری رہیں گے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ پٹواریوں اور گرداوروں کی ڈی پی سی جلد از جلد کی جائے، تنخواہوں میں تفاوت دور کی جائے۔ نئی حلقہ بندی کی جائے، نائب تحصیلداروں کی براہ راست بھرتی بند کی جائے اور گرداروں کی ہی نائب تحصیلدار کے طور پر ترقی دی جائے۔ نئے پٹوار خانے تعمیر کئے جائیں، اور پٹوار خانوں کا کرایہ محکمہ ادا کرے۔ اس موقع پر پٹوار ایسوسی ایشن نے فیصلہ کیا کہ جب تک تمام مطالبات کو تسلیم نہیں کیاجاتا تب تک ہڑتال جاری رہے گی۔ پٹواریوں کی ہڑتال کی وجہ سے لوگوں کو بھی کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔