ڈوڈہ ٹھاٹھری قومی شاہراہ کی تعمیر

ڈوڈہ //ڈوڈہ ٹھاٹھری قومی شاہراہ کی تعمیر اگر چہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی زیر نگرانی جاری ہے تاہم لوگوں نے پر گائیڈ لائن کے خلاف کام کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ شاہراہ کی تعمیر سے دونوں طرف سے بھاری ملبہ و پتھر جمع کر کے رکھا جارہا ہے جس کے نتیجے سڑک تنگ ہوچکی ہے اور سفر کرنے میں کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہیں تعمیراتی ایجنسی بھاری ملبہ چناب میں ڈالتے ہیں جس سے نہ صرف پیڑ پودوں کو نقصان پہنچ رہا ہے بلکہ آبی جانوروں کے لئے بھی خطرہ لاحق رہتا ہے۔ڈی ڈی سی ممبر کاہرہ و خطہ چناب میں عام آدمی پارٹی کے انچارج معراج ملک نے تعمیراتی ایجنسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شاہراہ کی تعمیر عوام کی سہولیات کے لئے عمل میں لائی جا رہی ہے جو کہ ایک خوش آئند بات ہے لیکن نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا تمام قواعد و ضوابط کو بالائے طاق رکھ کر کام کررہی ہے جس سے عوامی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے محکمہ جنگلات و ضلع انتظامیہ کی خاموشی پر بھی تشویش ظاہر کرتے ہوئے تعمیراتی ایجنسی کو چناب میں ملبہ نہ ڈالنے و شاہراہ کے دونوں اطراف سے پتھر و مٹی ہٹانے کا پابند بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شاہراہ پر ملبہ و پتھر جمع رکھنے سے سڑک حادثات کا بھی خطرہ لاحق رہتا ہے۔