ڈوڈہ//ضلع میں 18 سے 44 سال تک کی عمر میں ویکسی نیشن کا عمل آج سے شروع کیا جائے گا، عوام کو ٹیکہ کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کے لئے مذہبی جماعتیں کلیدی کردار ادا کریں۔ ان باتوں کا اظہار ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ وکاس شرما نے مختلف مذہبی جماعتوں، ڈی ڈی سی و بی ڈی سی چیرپرسنوں و سیول سوسائٹی ممبران کی میٹنگ سے مخاطب ہوتے ہوئے کیا۔اس دوران سی ایم او نے ٹیکہ کاری مہم کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ بلاک گھٹ میں پینتالیس سال سے اوپر کی عمر کے صرف پچاس فیصد افراد میں ٹیکے لگائے گئے ہیں جوکہ باقی بلاکوں کے مقابلے میں بہت کم ہے۔مذہبی جماعتوں و ڈی ڈی سی و بی ڈی سی چیرپرسنوں نے بہتر طبی خدمات عوام تک پہنچانے کے لئے اجتماعی اقدامات کرنے پر زور دیا۔میٹنگ کے دوران یہ فیصلہ کیا گیا کہ ٹیکہ کاری مہم کو کامیاب بنانے کے لئے مذہبی جماعتوں، منتخب نمائندوں، سیول سوسائٹی ممبران ،متعلقہ تحصیلدار، بی ڈی او و زمینی سطح پر کام کر رہے ملازمین پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔اس دوران ڈی سی نے کہا کہ 18 سے 45 سال تک کی عمر کے افراد میں آج سے ٹیکے لگائے جائیں گے۔انہوں نے اس زمرے میں شامل سبھی افراد سے اپنے نام کا پورٹل پر اندراج کروانے پر زور دیا۔ڈی سی نے متعلقہ حکام کو ٹارگٹ مکمل کرنے کے لئے گھر گھر جانے کی ہدایت کی اور سیول سوسائٹی، مذہبی کارکنوں و پنچائتی نمائندگان کے تعاون سے انتظامیہ و عوام کے درمیان پل کا کام کریں۔