ڈوڈہ میں 25 روز بعد کورونا کرفیو میں نرمی

ڈوڈہ //ڈوڈہ میں 25ویں روز بعد کورونا کرفیو میں جزوی طور پر نرمی برتی گئی جس دوران سڑکوں پر ٹریفک بحال ہوا اور ضلعی، سب ڈویژنل و تحصیل انتظامیہ نے میونسپل حدود و دیگر مضافات میں دوکانیں و نجی کاروباری ادارے کھولنے کا نیا شیڈول جاری کیا۔بندشوں میں نرمی کا اعلان کے ساتھ ہی آج بازاروں و سڑکوں پر لوگوں کی آمدورفت شروع ہوئی۔انتظامیہ کی جانب سے جاری ہدایات میں مطابق دکانداروں و دیگر کاروباری شخصیات سے ایس او پیز پر عمل کرنے و کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کرنے سے احتیاط برتنے پر زور دیا ہے۔سابق ایم سی نریش کمار گپتا نے انتظامیہ کے اس قدم کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ سماج کے پسماندہ و مزدور طبقہ کو کچھ راحت ملے گی۔انہوں نے ایل جی سے مزدوروں، بے روزگار نوجوانوں و چھوٹے کاروباریوں کے لئے خصوصی پیکیج منظور کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ کوڈ بحران کے دوران ہوئے مالی خسارہ کی بھرپائی ممکن ہو سکے۔