ڈوڈہ میں گزیٹیڈ افسران اور سرپنچوں کیلئے تربیتی پروگرام

 ڈوڈہ //ڈوڈہ میں گزیٹیڈ افسران اور سرپنچوں کیلئے ایک تربیتی پروگرام منعقد کیاگیا جس دوران انہیں بیک ٹو ولیج پروگرام اوراس کے مقاصد کے بارے میں مفصل جانکاری فراہم کی گئی ۔اس پروگرام کی صدارت ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ ڈاکٹر ساگر ڈی ڈوئیفوڈ نے کی جبکہ اس موقعہ پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر ڈوڈہ ، ایڈیشنل ڈی سی ڈوڈہ ، اے سی ڈی ڈوڈہ ، سب ڈیویژنل مجسٹریٹس اور دیگر افسران بھی موجو دتھے ۔اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ پروگرام کے تحت کم از کم دو دن گائوں میں ہی بیٹھیں جن میں ایک رات بھی انہیں وہیں قیام کرناپڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ وہ گائوں کے معززین ، نوجوانوں اور مقامی لوگوں سے ملاقات کرکے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے ان سے رد عمل حاصل کریں اور یہ سارا کام غیر جانبداری سے سرانجام دیں۔انہوں نے اس پروگرام کے بارے میں گائوں کے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ جانکاری فراہم کی جائے تاکہ وہ افسر کے پاس پہنچ کر اپنے مسائل اجاگر کرسکیں ۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ دیہی ترقی کے ملازمین کو ہدایت دی کہ وہ لوگوں کی گرام سبھا میں زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنائیں جہاں گزیٹیڈ افسرکے دورے کے دوران ترقیاتی امور پر تبادلہ خیال کیاجائے گا۔انہوں نے بتایاکہ اس پروگرام کا اہم مقصد پنچایتوں میں اہم ترقیاتی امور کی نشاندہی کرنا اور لوگوں کی شکایات سنناہے۔ انہوں نے بتایاکہ ساری ریاست کی طرح ڈوڈہ میں بھی یہ پروگرام بیس جون سے ستائیس جون تک چلے گا۔