ڈوڈہ میں عام آدمی پارٹی کا یک روزہ کنونشن | موجودہ سرکار و سابق حکومتوں سے مایوسی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا :معراج ملک

ڈوڈہ //بی جے پی حکومت عوام کو سبز باغ دکھا کر گمراہ کر رہی ہے، کانگریس و نیشنل کانفرنس ستر سال میں اقتدار پر قابض رہنے کے باوجود عام آدمی کو بنیادی سہولیات و نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے،افسر شاہی عروج پر ہے اور غریب عوام کی کہیں شنوائی نہیں ہے۔ ان باتوں کا اظہار عام آدمی پارٹی کے چناب ویلی انچارج و ڈی ڈی سی کونسلر کاہرہ معراج الدین ملک نے ڈوڈہ کے ٹاؤن حال میں منعقد ایک بھاری عوامی اجتماع سے کیا۔اس دوران ضلع کے کونہ کونہ سے آئے نوجوانوں نے بھاری تعداد میں عآپ کے ایک روزہ کنونشن میں شرکت کی اور ڈاک بنگلہ ڈوڈہ سے ٹاؤن حال تک ایک ریلی نکالی جس دوران 'انقلاب زندہ باد' کے فلک شگاف نعرے بلند کئے گئے۔معراج ملک نے ریلی سے مخاطب ہوتے ہوئے بی جے پی سرکار و سابق حکومتوں کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ان کے دور اقتدار میں غریب عوام کا استحصال کرکے کنبہ پروری، مہنگائی، رشوت خوری و بے روزگاری کو ہی فروغ ملا اور یہاں کے وسائل کو اپنے فائدے کے لئے استعمال کر کے باالخصوص تعلیم یافتہ نوجوانوں و مزدور پیشہ افراد کو نظر انداز کیا۔ملک نے کہا کہ اروند کیجریوال کی قیادت میں ملک بھر میں عام آدمی پارٹی پروان چڑھ رہی ہے جس کا نتیجہ حالیہ دنوں میں پنجاب کے اسمبلی انتخابات میں سامنے آیا۔انہوں نے بی جے پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ وہ عام آدمی پارٹی کے منشور کی نقل کرکے جموں و کشمیر میں مفت پانی و بجلی دینے کی بات کر رہی ہے جو کہ ایک گمراہ کن و کھوکھلا نعرہ ہے لیکن عام آدمی پارٹی برسرِ اقتدار آتے ہی عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنا کر ہی دم لے گی۔انہوں نے کہا کہ مفت بجلی و پانی کے ساتھ بہتر طبی سہولیات و نوجوانوں کو روزگار پہنچانا ہماری اولین ترجیحات رہے گی جس کے لئے عوام کے تعاون کی ضرورت ہے۔معراج ملک نے کہا کہ آفسر شاہی عروج پر ہے اور عام آدمی کے ساتھ سیدھی بات کرنے کے لئے کوئی تیار نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری و رشوت خوری نے غریب عوام و بے روزگار نوجوانوں کو مایوس کیا ہے جس کا حل صرف عام آدمی کی سرکار ہی کرسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ غریب، لاچار، بے سہارا و بے روزگار نوجوانوں کے ساتھ کسی کو کھلواڑ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ان کے حقوق کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ اس دوران ضلع کی کئی نامور سیاسی و سماجی شخصیات نے معراج الدین ملک کی موجودگی میں عام آدمی پارٹی کا دامن تھام لیاجس میں بھدرواہ سے امتیاز الرحمن عرف جگو، اویس چوہدری و ڈوڈہ سے نجیب فانی شامل ہیں۔