ڈوڈہ میں سرکاری ڈھانچہ کا حال بے حال

   عوام پریشان ،منریگا، پی ایم اے وائی و دیگرفلاحی سکیموں کی اجرتوں سے بھی محروم 

 ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے بیشتر علاقوں میں بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی سے عوام کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ڈوڈہ، بھدرواہ ،ٹھاٹھری و گندوہ سے ملی اطلاعات کے مطابق جہاں درجنوں دیہات میں پینے کے صاف پانی کی کمی، بجلی کی ناقص کارکردگی و خستہ حال سڑکوں سے مقامی لوگ پریشان ہیں وہیں منریگا کی اجرتوں سے محرومی مزدور طبقہ کو مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔سابق سرپنچ و بلاک صدر کانگریس کاہرہ چوہدری فاروق شکاری کی قیادت میں ایک وفد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پانی کی کئی اسکیمیں ناکارہ ہوئیں ہیں جس کے نتیجے میں عوام کو پینے کے صاف پانی کی قلت کا سامنا رہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بیشتر علاقوں میں کانٹے دار تار مکانات کی چھتوں و درختوں کے ساتھ باندھی ہوئیں ہیں اور لکڑی کے کھمبے بوسیدہ ہو چکے ہیں۔وفد میں شامل لوگوں نے کہا کہ منریگا کے تحت جاب کارڈ ہولڈروں نے کافی عرصہ قبل کام کئے ہیں لیکن ابھی تک اجرتوں کی ادائیگی عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔انہوں نے ضلع و مقامی انتظامیہ سے پانی، بجلی و سڑک رابطوں کی مرمت کرنے منریگا کے تحت جاب کارڈ ہولڈروں کو اجرت واگذار کرنے کا مطالبہ کیا۔ ادھر سابق سرپنچ لیاقت علی شیخ نے کہا کہ تحصیل ہیڈ کوارٹر چلی پنگل کو جوڑنے والی بھٹیاس جکیاس سڑک کی حالت ناگفتہ ہے اور تعمیراتی ایجنسی لاپرواہی سے کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا بلاک جکیاس میں سینکڑوں افراد منریگا اجرتوں، پی ایم اے وائی قسطوں و ایس بی ایم رقومات و مٹیریل کی رقم سے محروم ہیں اور محکمہ دیہی ترقی غریب و مزدو طبقہ کو نظر انداز کررہا ہے۔ انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بھٹیاس جکیاس سڑک کو بہتر بنانے و غریب لوگوں کو منریگا، پی ایم اے وائی، ایس بی ایم و دیگر اسکیموں کے تحت کئے گئے کاموں کی اجرت کو واگذار کرنے کی مانگ کی ہے۔