ڈوڈہ میں سالانہ سپورٹس دن کی تقریب مختلف کھیلوں میں کامیابی حاصل کرنے والوں کو خراج تحسین

 عظمیٰ نیوز سروس

ڈوڈہ//محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس ڈوڈہ نے اپنے سالانہ اسپورٹس دن کو ایک تقریب کے ساتھ منایا جس کا مقصد سال 2023-24 کے دوران مختلف کھیلوں میں کامیابی حاصل کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرنا تھا۔ وکشیت بھارت سنکلپ یاترا کے حصہ کے طور پر یہاں انڈور سٹیڈیم میں منعقد ہونے والے اس پروگرام میں ڈپٹی کمشنر ہرویندر سنگھ اور ایس ایس پی عبدالقیوم نے بطور مہمانان خصوصی شرکت کی۔

 

تقریب کے دوران ڈپٹی کمشنر کی جانب سے قومی سطح پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء کو ٹرافیاں اور اسناد سے نوازا گیا۔ ایک ثقافتی شو، جس میں طالبات کے استقبالیہ گیت اور مقامی اسکولوں کے طالب علموں کی شاندار پرفارمنس نے سالانہ دن کی تقریبات میں کشش کی ایک اضافی تہہ شامل کی۔ اپنے خطاب میں ڈی سی نے باڑ لگانے کو ترجیح دیتے ہوئے سپورٹس سٹیڈیم میں بنیادی ڈھانچہ کو بڑھانے کے لیے ضلع انتظامیہ کی جانب سے کیے جانے والے ٹھوس اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے یوتھ سروسز اور سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے لیے ضلعی انتظامیہ کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے نوجوانوں کی توانائی کو درست سمت میں لانے اور انہیں منشیات جیسی سماجی برائیوں سے بچانے کے لیے کھیلوں کے کلچر کے فروغ پر زور دیا۔ ڈی سی ڈوڈہ نے سیاحت کو فروغ دینے کے لیے بھدرواہ میں ٹیلنٹ ہنٹ اور میگا ونٹر کارنیول کے منصوبوں کی بھی نقاب کشائی کی۔