ڈوڈہ میں بھی مختلف سرکاری دفاتر کا اچانک معائنہ | 114 ملازمین غیر حاضر، تنخواہ پرلگی روک ،2 دن میں جواب طلب

ڈوڈہ //سرکاری ملازمین کی ڈیوٹی کو یقینی بنانے و دفاتر میں کام کاج کا جائزہ لینے کی غرض سے صوبائی کمشنر جموں کی ہدایت پرڈپٹی کمشنر ڈوڈہ کی مجموعی نگرانی میں5 ٹیموں نے کئی دفاتر کا اچانک دورے کئے جس دوران 114 ملازمین غیر حاضر پائے گئے۔ اطلاعات کے مطابق صوبائی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ وکاس شرما نے اے ڈی ڈی سی محمد حنیف ملک، اے ڈی سی آر کے بھارتی، سی پی او پرشوتم کمار و اے سی آر سنجیو کمار کی قیادت میں پانچ ٹیمیں تشکیل دیں جنہوں نے ضلع صدر مقام کے درجنوں دفاتر کا اچانک دورے کئے اور اسی طرح کی کی کارروائی سب ڈویڑنل و تحصیل سطح پر بھی عمل میں لائی گئی جس دوران 114 ملازمین غیر حاضر پائے گئے۔ڈپٹی کمشنر نے اس کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے غیر حاضر پائے گئے ملازمین کے نام وجہ بتاؤ نوٹس جاری کرتے ہوئے دو دن میں جواب طلب کیا ہے اور اس کے علاوہ اگست مہینے کی تنخواہ بند رکھنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اس کا مقصد سرکاری دفاتر میں سو فیصد ملازمین کی ڈیوٹی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جان بوجھ کر ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے والے آفیسروں و ملازمین کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی. انہوں نے آفیسروں پر زور دیا کہ وہ اپنے دفاتر میں ملازمین کی ڈیوٹی کو یقینی بنائیں اور کسی بھی قسم کی لاپرواہی کرنے سے احتیاط کریں۔جن دفاتر کا ڈی سی نے معائنہ کیا ان میں سی او ، سی ایم او ، ڈپٹی سی ایم او ، ڈی آئی سی، پی او آئی سی ڈی ایس دفاتر شامل ہیں وہیں اے ڈی ڈی سی، اے ڈی سی، سی پی او و اے سی آر نے محکمہ زراعت، باغبانی، جی پی فنڈ، جل شکتی، اے ایل سی، اے ڈی ایم او، کلچرل، سماجی بہبود، سیری کلچر، فلوریکلچر، تعمیرات عامہ، بجلی و دیگر دفاتر شامل ہیں۔