اشتیاق ملک
ڈوڈہ //یوٹی کے دیگر اضلاع کی طرح ڈوڈہ ضلع میں بھی پہلے مرحلے کے تحت آج تینوں اسمبلی حلقوں میں ووٹنگ ہو گی جس کے لئے 27 امیدوار میدان میں ہیں اور ان کی قسمت آزمائی کا فیصلہ 310586 رائے دہندگان کریں گے۔ضلع میں 534 پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں۔صاف و پرامن انتخابات کے لئے انتظامیہ کی جانب سے ہر طرح کے مکمل انتظامات کئے گئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق پہلے مرحلے کے تحت آج ڈوڈہ ،ڈوڈہ ویسٹ و بھدرواہ حلقوں میں ووٹنگ ہو گی. بھدرواہ ضلع کا سب سے بڑا حلقہ ہے جہاں ووٹران کی کل تعداد 124568 ہے جس میں 63944 مرد و 60618 خواتین اور 6 خواجہ سرا موجود ہیں۔انتظامیہ کی جانب سے اس حلقہ میں 196 پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں۔اس حلقہ سے بی جے پی کے دلیپ سنگھ پریہار، نیشنل کانفرنس سے شیخ محبوب اقبال و کانگریس کے ندیم شریف نیاز سمیت 10امیدوار میدان میں ہیں وہیں ڈوڈہ حلقہ میں ووٹران کی تعداد 98582ہے جس میں 50546مرد و 48034 خواتین اور 2خواجہ سرا ہیںجب کہ 171پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں۔اس حلقہ سے ڈی پی اے پی کے عبدالمجيد وانی، نیشنل کانفرنس کے خالد نجیب سہروردی، کانگریس سے شیخ ریاض، بی جے پی کے گجے سنگھ، عام آدمی پارٹی سے معراج ملک، پی ڈی پی سے منصور احمد سمیت 9 امیدوار میدان میں ہیں۔اسی طرح ڈوڈہ ویسٹ میں 87436ووٹران موجود ہیں جن میں 45567مرد و 41869 خواتین ہیں اور 167پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں۔اس حلقہ سے بی جے پی کے شکتی راج پریہار، کانگریس و نیشنل کانفرنس اتحاد سے ڈاکٹر پردیپ کمار، ڈی پی اے پی پی سے عبدالغنی بٹ، عاپ سے یاسر شفیع سمیت 8 امیدوار اپنی قسمت آزمائی کررہے ہیں۔