ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں میں تیز بارش و شدید ژالہ باری | فصلوں،گھاس و پھلوں کو پہنچا نقصان، معاوضہ کی فوری ادائیگی کا مطالبہ

ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں میں ہفتہ کو بعد دوپہر ہوئی شدید بارش وژالہ باری سے درجہ حرارت میں کمی آئی ہے وہیں بھاری پیمانے پر فصلوں و پھلوں کو نقصان پہنچا ہے۔اطلاعات کے مطابق کئی دنوں سے تیز دھوپ کے باعث گرمی میں اضافہ ہوا تھا تاہم ہفتہ کو بعد دوپہر بھلیسہ، گندوہ، بھدرواہ و دیگر مضافات کے بالائی علاقوں میں تیز بارش و شدیدژالہ باری ہوئی جو ایک گھنٹہ تک جاری رہی۔اس کے نتیجے میں جہاں ندی نالوں میں طغیانی آگئی وہیں فصلوں، گھاس و پھلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔اس دوران سڑکوں پر بھی سیلابی صورتحال پیدا ہوئی تاہم ٹریفک نظام معمول کے مطابق جاری رہا۔ ادھر ڈی ڈی سی کونسلر کاہرہ معراج ملک، ڈی ڈی سی کونسلر چنگا ندیم شریف نیاز، ڈی ڈی سی کونسلر بھلیسہ چوہدری محمد اقبال کوہلی و بی ڈی سی چیئرمین چلی چوہدری مخو بیگم نے حکام سے آج تک کی بارشوں وژالہ باری سے فصلوں، پھلوں و زرعی اراضی کو پہنچے نقصان کا متاثرین کو معقول معاوضہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔اپنے الگ الگ بیانات میں انہوں نے کہا کہ گذشتہ رواں سال میں ہوئی طوفانی بارشوں سے کسانوں و زمینداروں کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے ضلع و صوبائی انتظامیہ سے کسانوں و زمینداروں کو مالی امداد کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔