ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں میں برفباری و بارشوں کا سلسلہ دوبارہ شروع

ڈوڈہ //جمعہ کو دن بھر موسم خوشگوار رہنے کے بعد سہ پہر سے ڈوڈہ ضلع کے پہاڑوں پر دوبارہ برفباری و میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا ہے جس کے نتیجے میں عام زندگی متاثر ہوئی ہے۔اطلاعات کے مطابق پچھلے تین روز تک جاری مسلسل بارشوں و برفباری کے بعد جمعہ کے مطلع صاف رہا تاہم سہ پہر سے بھدرواہ، ٹھاٹھری و گندوہ بھلیسہ کے پہاڑوں پر برفباری و میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا۔مسلسل بارشوں و برفباری سے جہاں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے وہیں درجنوں تعمیرات کو جزوی وکلی طور پر نقصان پہنچا ہے اور کئی کنال زرعی اراضی بھی سیلاب میں بہہ گئی ہے۔اس دوران شہروگام کی رابطہ سڑکیں خستہ حال ہوئیں اور کئی دیہات کو جوڑنے والی سڑکوں پر پسیاں گر آنے کے سبب ٹریفک کی آمدورفت معطل ہوئی ہے۔شدید بارشوں سے پانی کی کئی اسکیموں و بجلی کے ترسیلی نظام کو بھی نقصان پہنچا ہے۔گندوہ، چنگا ،چلی پنگل ،کاہرہ ،بونجواہ ،فیگسو ،چرالہ ،گندنہ ،بھالہ ،بھدرواہ ،مرمت ،بھاگواہ و دیگر مضافات سے کئی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ حالیہ تباہ کن بارشوں سے عوامی مسائل میں اضافہ ہوا ہے۔عوامی وفود کے مطابق جہاں بڑے پیمانے پر تعمیرات و زرعی شعبے کو نقصان پہنچا ہے وہیں رابطے سڑکیں، پگڈنڈی راستے و گلی کوچے بھی تباہ ہوئے ہیں۔ڈی ڈی سی کونسلر کاہرہ معراج الدین ملک نے ضلع انتظامیہ سے تعمیراتی ایجنسیوں کو جوابدہ بنا کر رابطہ سڑکوں کی بحالی و متاثرہ کنبوں کو مالی امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔