ڈوڈہ ضلع میں تیسرے روز بھی برفباری و بارشوں کا سلسلہ جاری رہا

ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں تیسرے روز بھی وقفے وقفے سے برفباری و بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں عام زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق جمعرات کو ڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری ،گندوہ ، بھلیسہ،بونجواہ و دیگر مضافات میں وقفہ وقفہ سے برفباری و بارشوں کا سلسلہ جاری جس کی وجہ سے جہاں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے وہیں رابطہ سڑکیں زیر آب آگئی ہیں اور کئی تعمیرات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔سرپنچ پنچائت منو چوہدری کالیا چاڑ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پچھلے تین روز سے جاری برفباری و بارشوں سے عوامی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ رابطہ سڑکیں و پکڈنڈی راستے تباہ ہوئے ہیں اور کئی تعمیرات کو بھی جزوی و کلی طور پر نقصان پہنچا ہے۔برفباری و بارشوں سے رابطہ سڑکیں خستہ حال ہوئیں ہیں اور ڈوڈہ بٹوت قومی شاہراہ سمیت بھدرواہ، ٹھاٹھری و گندوہ کی شاہراہوں پر پتھر گرنے کا سلسلہ جاری رہا تاہم ٹریفک نظام معمول کے مطابق بحال رہا۔اس دوران ندی نالوں میں بھی پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے جبکہ بیشتر علاقوں میں پانی و بجلی نظام متاثر ہوا ہے۔ بی ڈی سی چیئرمین چنگا محمد عباس راتھر و ڈی ڈی سی کونسلر کاہرہ معراج الدین ملک نے انتظامیہ سے پانی، بجلی و سڑک رابطوں کی بحالی کیلئے موثر اقدامات کرنے و متاثرہ علاقوں میں خصوصی ٹیمیں روانہ کر کے نقصانات کا تخمینہ لگا کر معقول مالی امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ادھر انتظامیہ نے لوگوں سے خراب موسم کے دوران سفر نہ کرنے و ایمرجنسی میں متعلقہ حکام سے رابطہ کرنے کی اپیل کی ہے۔