ڈوڈہ اور کشتواڑ میں پٹواریوں کا احتجاج پانچویں روز بھی جاری رہا

کشتواڑ +ڈوڈہ//جموں صوبہ کے دیگر اضلاع کی ہی طرح خطہ چناب کے ضلع کشتواڑ اور ڈوڈہ میں پٹوار ایسوسی ایشن کے بینر تلے پٹواریوں کا احتجاج پانچویں روز بھی جاری رہا ۔ضلع کشتواڑ کے پٹواریوں کا احتجاج منی سکرٹریٹ میں مسلسل جاری ہے جبکہ احتجاج کررہے ملازمین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی مانگوں کو جلدازجلد پورا کیا جائے ۔گزشتہ روز ضلع ترقیاتی کونسل کی چیئر مین پوجا ٹھاکر بھی پٹوار ایسوسی ایشن کے احتجاج میں شامل ہوئیں جبکہ انہوں نے کہاکہ ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے عام لوگوں کی مشکلات میں ہر گزارتے روز اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔انہوں نے پٹوار ایسوسی ایشن سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ جلد از جلد اپنا احتجاج ختم کریں ۔ پٹوار ایسوسی ایشن کے ضلع صدر نے بتایاپٹواری جموں میں محکمہ کے ملازمین کی گرفتاری کے بعد شروع کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ انتظامیہ نے جموں میں ملازمین کیخلاف معاملہ درج کرنے کیساتھ ساتھ ان کو ہراساں کرنے کا عمل شروع کردیا ہے جس کو لے کر صوبہ کے دیگر اضلاع کی ہی طرح کشتواڑ میں بھی گزشتہ پانچ دنوں سے احتجاج کیاجارہا ہے ۔موصوف نے بتایا کہ اس کے علاوہ دیگر کئی ایسے مطالبات بھی ہیں جن کیلئے گزشتہ کئی برسوں سے ملازمین کوششیں کررہے ہیں لیکن ان کو انصاف نہیں دیا جارہا ہے ۔احتجاج کررہے ملازمین نے بتایا کہ اس وقت تک ان کو دفاتر و دیگر سہولیات فراہم نہیں کی گئی ہیں جبکہ پٹواریوں کی ترقی ودیگر مطالبات کی جانب بھی کوئی دھیان نہیں دیاجارہا ہے ۔احتجاج کررہے ملازمین نے کہاکہ ان کے مطالبات پورے ہونے تک احتجاج مسلسل جاری رکھا جائے گا ۔دوسری جانب ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے عام لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے ۔مڑواہ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے بتایا کہ ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے وہ خالی ہاتھ ہی گھر واپس لوٹ رہے ہیں ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ملازمین کی مانگوں پر دھیان دیا جائے تاکہ ان کی مشکل حل ہوسکے ۔ڈوڈہ ضلع میں بھی پٹوار ایسوسی ایشن کا اپنی مانگوں کو لے کر احتجاج کا سلسلہ جاری ہے جس دوران انہوں نے حکام کی عدم توجہی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا الزام عائد کیا گیاکہ ان کے ساتھ ہر سطح پر سوتیلے پن کا سلوک کیا جارہا ہے۔ ضلع صدر پٹوار ایسوسی ایشن کی قیادت میں جاری احتجاج کے دوران پٹواریوں نے کہا کہ سرکار ان کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے اور آئے روز ان کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے۔ انہوں نے حالیہ دنوں جموں میں دو پٹواریوں کے خلاف کی گئی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے حکام سے ان کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے نئے پٹوار حلقوں و گرداور سرکلز کا قیام، تنخواہ گریڈ بڑھانے و پٹواریوں کی رہائی کا مطالبہ کیا. اس دوران بی ڈی سی چیئرمین گندوہ سرشاد نٹنو و چند پنچائتی اراکین بھی احتجاجی مظاہرہ میں شامل ہوئے اور انتظامیہ سے ان کے مطالبات کو پورا کرنے کی اپیل کی ۔احتجاج کے دوران پٹوار ایسوسی ایشن نے اپنی مانگوں کو لے ایک یادداشت ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ وکاس شرما کو بھی پیش کیا جنہوں نے یقین دلایا کہ ان مسائل کو حکام بالا کی نوٹس میں لایا جائے گا۔