اشتیاق ملک+محمد تسکین
ڈوڈہ// خطہ چناب کے ڈوڈہ ضلع اور رام بن میں جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ہفتہ کو پیش آئے الگ الگ سڑک حادثات میں 2 افراد کی موت واقع ہو گئی ہے کہ جبکہ 5 دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ہفتہ کی شام ساڑھے آٹھ بجے کے قریب ڈوڈہ میں ایک ایم جی ہیکٹر کار گھٹ ججوت سڑک پر حادثہ کا شکار ہوئی جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور دو زخمی ہوئے۔حادثہ کے فوراً بعد مقامی لوگ و پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور بچاؤ کاروائی شروع کی۔ ایس ایس پی ڈوڈہ عبد القیوم نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گاڑی میں کل چار افراد سوار تھے جس میں رنجیت کمار (40)ولد شادی لال ساکنہ گوالوٹھ و ساحل (18) ولد دھرم سنگھ ساکنہ گوالوٹھ کو مردہ حالت میں جی ایم سی ڈوڈہ پہنچایا گیا جبکہ سریندر کمار (16)ولد گوری لال و نیتن کمار (16)ولد باگ سنگھ ساکنہ گوالوٹھ زخمی ہوئے ہیں جو گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ میں زیر علاج ہیں۔ پولیس نے اس سلسلہ میں معاملہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔اسی دوران رام بن ضلع کے سیری علاقے میں ہفتہ کو ایک تویرا اور ایک آٹو لوڈ کیریئر کے درمیان ٹکر کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے ہیں اور زخمیوں کو ضلع ہسپتال رام بن منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ جموں سے وادی کشمیر کی طرف تویرا گاڑی مخالف سمت سے آرہے ایک آٹو لوڈ کیرئیر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں لوڈ کیرئر شایراہ پر ہی پلٹ گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس حادثے میں تین افراد کو چوٹیں آئی ہیں۔ حادثے کی وجہ سے شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت کچھ وقت متاثر رہی تاہم بعد میں اسے ٹریفک کیلئے دوبارہ بحال کیا گیا۔ اسی طرح ایک اور واقع میں کیلا موڑ ٹنل کے نزدیک سیبوں سے لدھا ایک ٹرک سڑک پر الٹ گیا تاہم اس کا ڈرائیور معمول چوٹوں کے ساتھ بچ نکلا ہے۔