ڈوڈہ اور بانہال میں گستاخ قر آن کیخلاف احتجاجی مظاہرے

ڈوڈہ /بانہال//وسیم رضوی کی طرف سے قرآن مجید کی توہین کیخلاف ڈوڈہ ضلع میں ایمہ مساجد نے نماز جمعہ کے موقع پر گستاخ قر آن کی شدید مذمت کرتے ہوئے مرکزی حکومت سے ایسے سماج دشمن عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔اس دوران نماز کے بعد ڈوڈہ، ٹھاٹھری، گندوہ بھلیسہ اوربھدرواہ قصبوں و دیہات میں پر امن احتجاجی جلوس نکالے گئے۔
مظاہرین سے مخاطب ہوئے ہوئے مقررین نے کہا کہ قرآن اللہ تعالیٰ کا مقدس کلام ہے اور تاریخ میں جس نے بھی اس کے خلاف آواز اٹھائی وہ دونوں جہانوں میں ذلیل و خوار ہوئے۔
 انہوں نے یوٹی حکومت و مرکزی سرکار سے اپیل کی وسیم رضوی جیسے سماج دشمن عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔
ادھر ضلع رام بن کے بانہال میں بھی نماز جمعہ کے موقع پر قرآن کی توہین کے مرتکب وسیم رضوی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔ نماز جمعہ کے فوراً بعد مرکزی جامع مسجد کے باہر لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے کشمیرشاہراہ پر احتجاج کیا اور بعد میں یہ احتجاج پر امن طور سے منتشر ہوا۔مظاہرین اہانت قرآن میں ملوث وسیم رضوی کو سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کررہے تھے۔