ڈوڈہ الم ناک سڑک حادثہ پر صوبہ جموں میں سوگواریت کی لہر

  جموں// لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان ،بی جے پی اورپنی پارٹی نے ڈوڈہ ضلع میں ایک بدقسمت سڑک حادثے کے دوران12 افراد کی المناک موت پر دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک منی بس کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں متعدد مسافر زخمی اور 12 افراد کی موت ہو گئی۔اپنے تعزیتی پیغام میں مشیر خان نے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمی مسافروں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔مشیر نے زخمیوں اور سوگوار خاندانوں کو ضلعی اور ڈویڑنل انتظامیہ کی طرف سے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔اس دوران جموں و کشمیر کے بی جے پی کے صدر رویندر ینہ نے کہا کہ یہ المناک حادثہ دل دہلا دینے والا تھا، جہاں ڈوڈہ ٹھاٹھری روڈ پر دردناک حادثے میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور کئی لوگ اس حادثے میں زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم خدا سے ان تمام لوگوں کی روح کے سکون کے لئے دعا کرتے ہیں جنہوں نے اس حادثے میں جانیں گنوائیں اور ساتھ ہی تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ ایل جی انتظامیہ نے حادثے کے بعد ریلیف آپریشن کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی اس بات کا خیال رکھے گی کہ سوگوار خاندانوں کو ہر قسم کی راحت اور زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے۔جموں و کشمیر بی جے پی کے جنرل سکریٹری (آر جی) اشوک کول بھی نے ٹھاٹھری ڈوڈا حادثہ میں قیمتی جانوں کی ہلاکت پر گہرے صدمے اور غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے جاں بحق ہونے والے افراد کے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ انہوں نے انتظامیہ سے متاثرین کو بہترین ریلیف فراہم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے خصوصی کوششوں کو یقینی بنایا جائے۔ادھرسابق ایم ایل اے اور بی جے پی لیڈر دیویندر سنگھ رانا نے ٹھاٹھری میں سڑک حادثہ میں12 افراد کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس حادثہ کو انتہائی المناک اور بدقسمتی قرار دیا۔ رانا نے ایک بیان میں کہا کہ "میرا دل ان خاندانوں کے ساتھ ہے جنہوں نے اس سانحے میں اپنے عزیزوں کو کھو دیا ہے"۔رانا نے مرحوم کی روح کے سکون اور ان کے اہل خانہ کو یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی طاقت کے لئے دعا کی۔ انہوں نے حادثے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی بھی خواہش کی۔ادھراپنی پارٹی کے جنرل سکریٹری سید اصغر علی نے ڈوڈہ سڑک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اصغر علی نے اونچائی والی سڑکوں پر سڑک حادثات کی تعداد میں حیران کن اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس اندوہناک سڑک حادثے کو انتہائی افسوس ناک قرار دیا۔انہوں نے کہا’’انتظامیہ کو یقینی بنانا چاہیے کہ گاڑیوں کے ڈرائیور ٹریفک کے مطلوبہ نظام الاوقات اور ہدایات پر سختی سے عمل کریں تاکہ اس طرح کے دل دہلا دینے والے حادثات سے مثبت طور پر بچا جا سکے"۔علی نے ان سڑکوں پر خصوصی چیکنگ اسکواڈز کی تشکیل کے علاوہ اس طرح کے حادثات میں غیر معمولی اضافے کے حوالے سے مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا جو مسافروں کی زندگیوں کے لیے بہت بڑا خطرہ ہیں جن کی موجودگی ضروری سڑکوں کی حفاظت کو مزید تقویت دے گی۔انہوں نے زور دے کر کہا"میں لیفٹیننٹ گورنر کی زیرقیادت انتظامیہ سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ مسافروں کی حفاظت کو برقرار رکھنے کے سلسلے میں مناسب اقدام اٹھائے تاکہ ان بدقسمت سڑک حادثات میں مزید جانیں ضائع نہ ہوں"۔ اس کے علاوہ انہوں نے سوگوار خاندانوں کے لیے جلد از جلد مناسب ایکس گریشیا کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے جاں بحق ہونے والوں کی ارواح کے لیے ابدی سکون اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔ادھرشیعہ فیڈریشن صوبہ جموں کے صدر عاشق حسین خان نے بھی ڈوڈہ منی بس حادثے میںقیمتی انسانی جانوںکے زیاںپر گہرے دکھ و افسوس کا اظہارکیا ہے ۔خان نے مرحومین کے ایصال ثواب کی دعا کرتے ہوئے خدا وند تعالی سے ان کو جنت الفردوس میںاعلی مقام عطا کئے جانے کے ساتھ لواحقین کو گہرا صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دینے کی بھی دعا کی ۔خان نے زخمیوںکی جلد صحت یابی کی بھی دعا کرتے ہوئے سرکار سے ان کو بہترین طبی علاج مفت فراہم کئے جانے کی بھی سرکار سے پر زور مانگ کی ۔ خان نے یوٹی سرکار سے پُر زور مانگ کی ہے کہ لواحقین کو فی کس دس لاکھ روپے ایکس گریشیا او ر ایک نوکری دی جائے ساتھ ہی زخمیوںکو پچاس پچاس ہزار روپے فی کس امداد فراہم کئے جانے کے ساتھ ان کا مفت علاج کئے جانے میںکوئی کسر باقی نہ رکھی جائے ۔
 
 

وادی چناب بھی غم واندوہ میں ڈوب گیا

 متعدد شخصیات کا اظہار دکھ،حادثات کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کرنے کا مطالبہ 

اشتیاق ملک 
ڈوڈہ //ڈوڈہ ٹھاٹھری شاہراہ پر پیش آئے سڑک حادثہ پر کئی سیاسی و سماجی شخصیات نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کی ہے۔نہوں نے ایل جی انتظامیہ سے خطہ میں بڑھتے ہوئے سڑک حادثات کی روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے و متاثرین کی ہر ممکن امداد کرنے کی اپیل کی ہے۔اپنے الگ الگ تعزیتی پیغامات میں سے کانگریس کے سابق وزراو قانون ساز کونسل کے ارکان غلام محمد سروڑی، عبدالمجید وانی، وقار رسول وانی،نریش کمار گپتا ،شام لال بھگت ت، اشوک کمار، بھاجپا سابق وزرا و قانون سازیہ اراکین شکتی راج پریہار، سنیل شرما،دلیپ سنگھ پریہار ،ڈی ڈی سی کونسل چیئرمین دھنتر سنگھ کوشل ،بی جے پی لیڈر طارق حسین کین، نیشنل کانفرنس سابق وزرا و اراکین سجاد احمد کچلو، خالد نجیب سہروردی، محمد اقبال بٹ، محبوب اقبال، پی ڈی پی لیڈر شہاب الحق بٹ، ایڈووکیٹ شیخ ناصر، عبدالمجید بٹ،کانگریس لیڈر غلام مصطفی بٹ، محمد اقبال ڈار، ڈی ڈی سی کونسلر ندیم شریف نیاز، ڈی ڈی سی کونسلر معراج الدین ملک،اپنی پارٹی کے ضلع صدر اصغر کھانڈے ،نیشنل کانفرنس لیڈر ریاض احمد زرگر نے متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انتظامیہ سے انہیں معقول معاوضہ ادا کرنے و زخمیوں کا مفت علاج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے وادی چناب کی سڑکوں کو بہتر بنانے و ٹریفک نظام میں سدھار لانے کے لئے مثبت قدم اٹھانے کی بھی ایل جی انتظامیہ سے اپیل کی ہے۔
 
 

۔7 زخمیوں میں 2لاکھ 40 ہزار روپے تقسیم  

اشتیاق ملک 
ڈوڈہ //جمعرات کو ڈوڈہ ٹھاٹھری شاہراہ پر پیش آئے المناک سڑک حادثہ میں زخمی ہوئے افراد میں سے 8 لوگوں کو ریڈ کراس کے تحت 30 ہزار روپے فی کس تقسیم کئے گئے ہیں۔چیف میڈیکل آفیسر ڈوڈہ ڈاکٹر محمد یعقوب میر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ میں زیر علاج 8 زخمیوں میں ریڈ کراس کے تحت دو لاکھ چالیس ہزار روپے تقسیم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حالت مستحکم ہے اور ضلع انتظامیہ کی طرف سے ہر ممکن سہولیات فراہم کی جارہی ہے۔سی ایم او نے مزید کہا کہ اس حادثہ میں جاں بحق ہوئے افراد کے اہل خانہ و گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کئے گئے 7 زخمیوں کو بھی ضلع ریڈ کراس سوسائٹی کی جانب سے مالی امداد فراہم کی جائے گی۔