ڈوڈہ//شدید بارشوں میں جہاں کھڑی فصلوں، ثمردار درختوں ودیگر املاک کو شدید نقصان پہنچا ہے وہیں ڈوڈہ لڈنہ گندنہ سڑک بھی ان بارشوں میں نقصانات سے دوچار ہوئی جسے آج 6روز گذر جانے کے باوجود بھی محکمہ تعمیرات عامہ نے ٹریفک کی آمد و رفت کے قابل نہیں بنایا۔ اس اہم رابطہ سڑک بند رہنے کی وجہ سے جہاں ایک طرف سے لڈنہ وگندنہ کی کثیر آبادی کوشدید مشکلات کاسامنا ہے وہیں دوسری طرف علاقہ گندنہ کے دیہات میں کھانے پینے کی چیزوں کی قلت کا سامناہے ۔ان علاقوں کے عوام نے بتایا کہ 6روز قبل لدنہ گندنہ سڑک پر بہت بھاری پسیاں اوربڑے بڑے پتھر گر آئے جس کی وجہ سے گاڑیوں کی نقل وحرکت مکمل طورپر بند رہی تھی مگر آج6دن گذرنے کے باوجود نہ ہی محکمہ تعمیرات عامہ اور نہ ہی محکمہ پی ایم جی ایس وائی نے اس اہم رابطہ سڑک کو کھولنے کی زحمت گوارا کی اورنہ ہی اس پر ابھی تک ان پتھروں اور پسیوں کوہٹائے سکے کوئی مشین کام پر لگائی جس پر مقامی آبادی سراپا احتجاج ہے۔ ان کاالزام ہے کہ آج اب ایک ہفتہ کے قریب دن ہوئے روڈکو ابھی تک بحال نہیں کیا گیا ، اس اہم لڈنہ گندنہ سڑک کے بند رہنے کی وجہ سے گندنہ کے گرد نواح کے علاقہ اشیائے ضروریہ کی قلت کی وجہ سے دوچار ہیں جن میں وانی پورہ ، بٹ پورہ ، کمژال، آبلی ہاسری، آخون پورہ، باشی ، لڈنہ ،ملوانہ ، خوجہ پورہ ، کرمان پورہ ، گایتی ، پرے پورہ ، شیخ پورہ ، دیگر کئی جھوٹے بڑے دیہات شامل ہیں۔ ان علاقہ جات کی آبادی کو اب گاڑیوں کے بجائے گندنہ کے دیہات سے پیدل سفر کرنا پڑتا ہے جن میں ضعیف العمر بزرگ، خواتین اور بچے شامل ہوتے ہیں اور سکول بچوں کو بھی عبور ومرور میں دقتوں کاسامنا کرنا پڑتا ہے۔ گاؤں کی کثیر آبادی نے مطالبہ کیاہے کہ تعمیرات عامہ او ر پی ایم جی ایس وائی حکام فوری طوراس سڑک کو بحال کریں ورنہ لوگ اب سڑکوں پر آکر انتظامیہ اورمتعلقہ محکمہ کے خلاف احتجاج کریں گے ۔گندنہ ، لڈنہ اور دیگر علاقہ جات کی کثیر آبادی میں ان دو محکموں کے خلاف سخت ناراضگی پائی جارہی ہے ۔ ان کامطالبہ ہے کہ سڑک کی تجدید ومرمت کی جائے ۔
ڈوڈہ۔ لڈنہ ۔گندنہ 6روزسے سڑک بند
