ڈوڈہ، پونچھ اور منجاکوٹ میں سڑک حادثات | پولیس افسر اور موٹرسائیکل سوار لقمۂ اجل ، خاتون زخمی

بھدرواہ+پونچھ+منجاکوٹ //ڈوڈہ ، پونچھ اور منجاکوٹ میں رونما ہونے والے سڑک حادثات میں پولیس افسر اور موٹرسائیکل سوار لقمہ اجل بن گئے جبکہ ایک خاتون زخمی ہوگئی ۔ڈوڈہ میں پل ڈوڈہ ۔بھدرواہ سڑک پر گلگندر کے مقام پر حادثہ پیش آیا جس کے نتیجہ میں 45سالہ پولیس اسسٹنٹ سب انسپکٹر وکرم سنگھ ساکن گاٹھابھدرواہ ہلاک ہواجو جموں و کشمیر پولیس کی سی آئی ڈی ونگ میں پولیس تھانہ کشتواڑ میں تعینات تھا ۔ذرائع کے مطابق وکرم بھدرواہ سے کشتواڑ کی طرف جارہاتھا جس دوران اس کی کار زیر نمبر JK06A-5099 گلگندر کے مقام پر قابو سے باہر ہوکر سینکڑوں فٹ نیچے دریائے نیرو میں جاگری ۔ایس ڈی پی او بھدرواہ عادل ریشو نے بتایاکہ وکرم پولیس اسٹیشن کشتواڑ میں تعینات تھا اور وہ ڈیوٹی جارہاتھا۔انہوں نے بتایاکہ حادثے کے فوری بعد پولیس اور مقامی لوگوں نے اسے گہری کھائی سے اٹھاکرضلع ہسپتال ڈوڈہ منتقل کیاجہاں ڈاکٹروں نے مردہ قرار دیا۔اسی طرح سے پونچھ میں شیر کشمیر پل کے نزدیک پیش آئے سڑک حادثے میں موٹرسائیکل سوار لقمہ اجل بن گیا ۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ ایک موٹرسائیکل کو پانی کے ٹینکر نے ٹکر ماردی جس کے باعث ظہیر احمد ولد عبدالرزاق ساکن کنوئیاں کی موت ہوگئی ۔ایک افسر نے بتایاکہ ظہیر کو فوری طور پر جائے حادثہ سے اٹھاکر ضلع ہسپتال پونچھ منتقل کیاگیاتاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔اس دوران منجا کوٹ میں پیش آئے ایک واقعہ کے دوران ایک خاتون مورتی کار کی زد میں آکر زخمی ہو گئی ۔ذرائع کے مطابق محمد بی زوجہ سخی محمد عمر ستر برس منجا کوٹ میں سڑک پار کر رہی تھی کہ اسی دوران وہ ایک تیز رفتار موقرتی کار زیر نمبر 7301-JK12کی زد میں آگئی ۔خاتون کو زخمی حالت میں پرائمری ہیلتھ سنٹر منجا کوٹ منتقل کیا گیا جہاں اس کی مرحم پٹی کی گئی ۔اس دوران پولیس نے ایک معاملہ درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے ۔