ڈوڈہ، بھدرواہ اور ٹھاٹھری کے 37نو منتخب میونسپل کمیٹی ممبران کی حلف برداری

         

بھدرواہ

طاہر ندیم خان 
بھدرواہ//بھدرواہ میونسپل کمیٹی کے نو منتخبہ ممبران کو اے ڈی سی بھدرواہ ڈاکٹر روی کمار بھارتی نے ایک تقریب میں حلف دلایا۔13وارڈوںکے منتخبہ ممبران بشمول 4خواتین نے انگریزی ،ہندی اور اردو زبان میں حلف لیا ۔ان ممبران میں سے 4آزاد ،3بی جے پی اور6کانگریس سے تعلق رکھتے ہیں۔ نو منتخبہ ممبران کو زمینی سطح پر جمہوریت کو مستحکم بنانے کیلئے جوش و خروش دکھانے پر اے ڈی سی بھدرواہ نے ممبران کو مبارک باد دیتے ہوئے انہوں نے ممبران سے اپنے علاقوں میں تعمیر و ترقی کو نئی بلندیوں تک لیجانے کیلئے کہا۔اس موقعہ پر متوقع صدر ڈاکٹر شاہد مغل نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے اپنی ترجیحات کا شمار کیا۔انہوں نے کہا کہ میں ہر ایک کو یہ باور کرنا چاہتا ہوں کہ میں بھدرواہ کی ترقی چاہتا ہوں اورمُجھے سیاست کے ساتھ کوئی لینا دینا نہیں ہے۔انہوںنے کہا کہ میں اپنی طرف سے یہ مقصد حاصل کرنے کیلئے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہوں اور توقع ہے کہ لوگ میرا ساتھ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ میری ترجیح بھدرواہ کی حقیقی ترقی ہے ،جسکے لئے میں متعلقہ وارڈ کے بیروزگار نوجوانوں کو  کیلئے روز گارکے مواقع پیدا کرنے کے لئے کام کروں گا۔انہوں نے کہا کہ بلا لحاظ پارٹی تمام وارڈوں کے نمائندوں کی ایک سٹیزنز کونسل بناکر شکایات و مسائل سُننے کے لئے باقاعدگی سے عوامی دربار منعقد کئے جائیں گے۔بھدرواہ میونسپل کمیٹی کے13وارڈوں سے کانگریس نے سب سے زیادہ نشستیں 6حاصل کرکے سب سے بڑی پارٹی ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے،جسکے بعد پی ڈی پی کی حمایت والے4 آزاد امیدوار کامیاب ہوئے جبکہ بی جے پی نے 3نشستیں حاصل کی ۔لیکن حالیہ ڈیولپمنٹ کے تحت بی جے پی نے ڈاکٹر شاہد مغل کی قیادت والے آزاد ممبران کے گروپ کو حمایت دینے کا اعلان کیا ہے۔
          

ٹھاٹھری

رفیع چودھری 
ضلع ڈوڈہ کے دیگر دو قصبہ جات کی طرح ٹھاٹھری میونسپل کمیٹی کے حال ہی میں منتخب ہوئے اراکین کو عہدہ اور راز داری کا حلف دلایا گیا۔ سب ڈویژنل مجسٹریٹ محمد انور بانڈے نے اراکین کو حلف دلایا تو وہاں موجود لوگوں کا جوش و خروش دیدنی تھا۔7 رکنی کمیٹی میںایک آ زاد امیدوارکے صدر منتخب ہونے کا امکان ہے۔میونسپل کمیٹی ٹھاٹھری کے ممبران میں شاہینہ بیگم (آزاد)، اصغر حسین (کانگریس) ، منصور احمد بٹ (آزاد) ، دلشادہ بیگم (آزاد) ، نیک عالم (کانگریس) گورکیش گپتا (بی جے پی) اور منور دین (کانگریس ) شامل ہیں۔اگر چہ 3آزاد ممبران کے بی جے پی میں شامل ہونے کی افواہیں گردش کر رہی ہیں لیکن اس سلسلہ میں ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا ہے ۔ 
 
             

 ڈوڈہ 

 نصیر احمد کھوڑا
ڈوڈہ کے ٹائون ہال میں منعقدہ ایک تقریب پر اے ڈی سی ڈوڈہ کشوری لعل نے 17 وارڈوں کے منتخبہ ممبران بشمول 11آزاد، 3 بی جے پی اور3 کانگریس کے ممبران کو حلف دلائی ۔ تقریب میں بھاری تعداد میں مقامی لوگ شامل تھے جن میں سیاسی، سماجی اور غیر سرکاری تنظیموں سے وابستہ رضاکاروں کی بھاری تعداد شامل تھی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی، کانگریس کے تین تین ممبران کے علاوہ 11ممبران آزاد امیدوار کے طور پر چن کر آئے ہیں جن میں سے بیشتر کے بارے میں باور کیا جاتا ہے کہ وہ نیشنل کانفرنس کی ایماء پر انتخابی دنگل میں اترے تھے۔ تاہم نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کی طرف سے الیکشن کا بائیکاٹ کئے جانے کے باعث پارٹی نے آفیشل امیدوار کھڑا نہ کئے تھے لیکن پراکسی امیدوار کھڑے کر کے حریف سیاسی جماعتوں کو میدان کھلا نہ چھوڑا اور اس کے خاطر خواہ نتائج برآمد نہیں ہوئے۔ اگر چہ ضلع کی تینوں کمیٹیوں میں صدر اور نائب صدر کے انتخاب کے بارے میں صورتحال غیر واضح ہے تاہم غالب امکان یہی ہے کہ آزاد اراکین کے سر ہی سہرا بندھے گا۔