ڈومینیکن ریپبلک کی نائب صدر کی صدر جمہوریہ سے ملاقات

یو این آئی

نئی دہلی// ڈومینیکن ریپبلک کی نائب صدر راکیل پینا روڈریگز نے آج (3 اکتوبر 2023 کو ) راشٹرپتی بھون میں صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔ نائب صدر روریگز کا ہندوستان کے پہلے دورہ پر خیرمقدم کرتے ہوئے صدر جمہوریہ ہند نے کہا کہ اس دورے کا وقت بہت موزوں ہے کیونکہ ہندوستان اور ڈومینیکن ریپبلک اپنے سفارتی تعلقات کی 25 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات گرمجوشانہ اور دوستانہ ہیں، جو جمہوریت کی مشترکہ اقدار اور عالمی مسائل پر نظریات کے وسیع اتحاد کی مضبوط بنیاد وں پر استوار ہیں ۔صدر جمہوریہ نے اس بات کا ذکر کیا کہ ڈومینیکن ریپبلک لاطینی امریکہ میں ہندوستان کا آٹھواں سب سے بڑا تجارتی ساجھیدار ہے ۔

انہیں اس بات کا پختہ یقین ہے کہ اونوں ملکوں میں تجارتی فوائد کو مزیدمتنوع بنانے کی صلاحیت موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دواسازی کی مصنوعات، سمندری سائنس، موسمیات، تباہی سے تحفظ فراہم کرنے والے بنیادی ڈھانچے اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کی ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں مل کر کام کرنے اور اپنے تجربے اور مہارت کے تبادلے کی خاطرخواہ گنجائش موجود ہے ۔صدر جمہوریہ نے کہا کہ صلاحیت سازی ہند-ڈومینیکن ریپبلک تعاون کے مرکزی ستونوں میں سے ایک ہے ۔ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ حال ہی میں ہندوستان نے سائبر سیکورٹی اور ریموٹ سینسنگ کے اہم شعبوں میں ڈومینیکن ریپبلک کے عہدیداروں کے لیے دو خصوصی آئی ٹی ای سی تربیتی کورسز کا اہتمام کیا ہے ۔