ڈورو میں نوجوان کیساتھ کیا ہوا؟

 سرینگر // ڈورو اننت ناگ میں فورسز کیمپ میں ایک نوجوان بری طرح زخمی ہوا جسے نازک حالت میں سرینگر منتقل کردیا گیا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ نوجوان نے رفع حاجت کے دوران اپنا گلہ کاٹ کر خود کشی کرنے کی کوشش کی۔ جمعرات بعد دوپہر ڈورو میں یہ افواہ پھیلی کہ ڈورو میں قائم 19آر آر  کیمپ میں پوچھ تاچھ کے لئے طلب کیا گیا نوجوان بری طرح زخمی ہوا اور ویری ناگ پرائمری اسپتال سے ایمبولنس منگوائی گئی اور نوجوان ،جس کا گلہ کٹا ہوا تھا کو علاج معالجہ کیلئے ضلع اسپتال روانہ کیا گیا۔ زخمی نوجوان فیرو ز احمد حجام ولد غلام نبی ساکن اقبال پورہ کھرٹی لارنو کوکرناگ کے گلے کا ایمرجنسی آپریشن کیا گیا اور مزید علاج معالجہ کیلئے صورہ میڈیکل انسٹچوٹ روانہ کیا گیا۔ اگر چہ زخمی نوجوان کی بہن و بھائی اسپتال میں موجود تھے ۔ تاہم انہوں نے کچھ کہنے سے انکار کیا۔تاہم مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ نوجوان کو ڈورو  کیمپ کے اندر زخمی حالت میں پایا گیا اور بعد میں ویری ناگ سے منگوائی گئی ایمبولنس کے ذریعے الہ اسٹاپ میر بازار تک لایا گیا اور یہاں دوسری ایمبولنس کے ذریعے ضلع اسپتال میں داخل کیا گیا ۔پولیس کی جانب سے اس معاملے پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا گیا کہ5ستمبر کومشتبہ شخص فیروز احمد حجام ولد غلام رسول ساکن اقبا ل پورہ لارنو ،کو ایف آئی آر زیر نمبر 125/2018کے تحت پوچھ تاچھ کے سلسلے میں پولیس اسٹیشن لایا گیا ۔ تفتیش کے دوران مشتبہ شخص نے حاجت بشری کیلئے کہا اور اجازت ملنے کے بعد مذکورہ نوجوان نے غسل خانہ میں گلا کاٹ کر اپنی زندگی کا چراغ گل کرنے کی کوشش کی ۔تاہم بروقت پتہ چلنے پر پولیس نے اُسے نازک حالت میں اسپتال منتقل کیا جہاں اُس کا علاج ومعالجہ ہو رہا ہے ۔ اس سلسلے میں ضروری قانونی لوازمات پورے کئے گئے ہیں۔