ڈورو اور ویری ناگ میں بنک اور اے ٹی ایم لوٹنے کی ناکام کوششیں، دو گرفتار،گاڑی ضبط

اننت ناگ//پولیس نے ڈورو اور ویری ناگ میں بنک ڈکیتی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے رام بن سے تعلق رکھنے والے دوافراد کو گرفتار کرکے ایک گاڑی ضبط کی ہے ۔ پولیس نے اتوار اور سوموار کی درمیانی شب کو ڈورواورویری ناگ میں قائم دوبینکوں کے برانچوں کولوٹنے کی کوششیں ناکام بنا دیں۔پولیس کے مطابق نقب زنوں نے اتوار اور سوموار کی درمیانی رات کو پہلے جے کے بینک برانچ چنہ گنڈ ڈورو میں داخل ہوکراسکو لوٹنے کی ناکام کوشش کی۔پولیس نے بتایا لٹیرے بنک کی ایک دیوار کوتوڑکر اندرداخل ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے لیکن اندرموجود لاکرکوتوڑنے میں یہ ناکام ہوئے ۔انہوں نے بتایا بینک ڈکیتی میں ناکام رہنے کے بعدلٹیروں نے یہاں کچھ بھیڑوں کوچرالیا ۔اسکے بعدچوروں نے نزدیکی علاقہ ویری ناگ میں قائم اسٹیٹ بینک آف انڈیاکی ایک برانچ کولوٹنے کی کوشش کی ۔ایس ایچ او، ویری ناگ تجمل حسین نے بتایاکہ جے کے بینک برانچ چھنی گنڈ ڈورئوکولوٹنے میں ناکام ہونے کے بعدلٹیروں نے اسٹیٹ بینک آف انڈیا برانچ ویری ناگ کیساتھ قائمATMکوتوڑنے کی کوشش کی ۔انہوں نے کہاکہ جس وقت لٹیرے رات کے وقت بینک کولوٹنے کی کوشش کررہے تھے ،اسی وقت پولیس کی ایک ٹیم وہاں بروقت پہنچ گئی اوراے ٹی ایم کولوٹنے کی کوشش میں مصروف دولٹیرے پکڑے گئے ۔ایس ایچ ائو نے بتایاکہ یہ لٹیرے ایک گاڑی زیرنمبرJK19-7074میں سوارتھے ۔انہوں نے کہاکہ ایس بی آئی کی اے ٹی ایم کولوٹنے کی کوشش کے دوران جن دولٹیروں کوموقعہ پرہی گرفتار کیاگیا،ان میں محمدسلیم ساکنہ ٹنگررام بن اورمحمدمقصود میرساکنہ کھابی رام بن شامل ہیں ۔پولیس حکام نے بتایاکہ دونوں لٹیروں کوگاڑی سمیت گرفتار کیاگیا ،اوران کیخلاف کیس درج کیاگیا جبکہ معاملہ کے حوالے سے ملزمان سے پوچھ گچھ جاری ہے۔