ڈوروکے لاپتہ نوجوان کی ماں کی اپیل

اننت ناگ //عارف بلوچ// اننت ناگ کے پراسرارطور لاپتہ ہوئے نوجوان کی ماں نے ایک ویڈیومیں جذباتی اپیل کی ہے کہ جس کسی کے پاس اُس کابیٹا ہے وہ اُسے چھوڑ کر گھر واپس بھیج دے۔20سالہ یاسر احمد وانی ولد عبدالرحمان وانی ساکنہ وانگنڈ ڈورو گذشتہ روز پُر اسرار طور پر لاپتہ ہوگیا ۔پیشے سے پلمبر نوجوان کے والدین کے علاوہ ایک بھائی اور بہن ہے ۔ بھائی فوج میں تعینات ہے ۔اہل خانہ کے مطابق رواں مہینے کی 6تاریخ کو نوجوان نے صبح کی چائے پی کر دکان پرگیا اور پھر واپس گھر نہیں آیا ۔ نوجوان کا فون مسلسل بند آرہا ہے ،جس کے باعث اُنہیں نوجوان کی سلامتی کے حوالے سے خدشات پیدا ہوگئے ہیں ۔ہفتہ کو اہل خانہ نے ایک ویڈیو بیان جاری کیا جس میں والدین کے علاوہ اسکی بہن نظرآ ّتی ہے ۔ویڈیو میں ماں روتے ہوئے کہتی ہے کہ وہ ہمارے بڑھاپے کا سہارا ہے ۔ہمارا بیٹا جس کے پاس بھی ہے وہ اس کو واپس گھر بھیج دیں ،اگر یاسر خود بھی یہ ویڈیو دیکھ رہے ہوںگے تو براہ مہربانی گھر واپس آجائے۔اس بیچ پولیس کے ایک آفیسر کا کہنا ہے کہ معاملے کی نسبت پہلے ہی کیس درج کیا گیا ہے اور نوجوان کو باز یاب کرنے کی کوشش جاری ہے ۔