ڈل جھیل میں ترنگا ریلی کا انعقاد ۔150کے قریب لوگوں کی شرکت

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//یوم آزادی کے سلسلے میں منعقد ہونے والے ’آزادی کا امرت مہوتسو‘ کے ایک حصے کے طور پر منگل کو ڈل جھیل میں ’ترنگا ریلی ‘کا انعقاد کیا۔ اس ریلی کا اہتمام نئی دہلی میں قائم سیلوٹ ترنگا نامی ایک این جی او نے کیا تھا۔ریلی میں تقریباً150 لوگوں نے شرکت کی۔ نہرو پارک سے SKICC تک نکلی اورچار چناری سے ہوتے ہوئے واپس SKICC میں اختتام پذیر ہوئی۔جے کے سیلوٹ ترنگا کے صدر مظفر حسین کلال نے یہاں کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی کی ہر گھر ترنگا کی قرارداد پرجموں وکشمیر کے نوجوانوں نے فیصلہ کیا ہے کہ یہ مہم یکم اگست سے15 اگست تک جاری رہے گی۔انہوں نے ریلی میں شرکت کرنے پر جموں و کشمیر کے نوجوانوں کا شکریہ ادا کیا۔ کلال نے کہاکہ نوجوانوں میں جوش و خروش ہے۔ اس جوش و جذبے کو برقرار رکھنے کے لیے اس ریلی کا انعقاد کیا گیا ہے۔تنظیم کے قومی صدر راجیش جھا نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام پورے ملک میں جاری ہیں۔انہوںنے کہاکہ ہم آزادی کا امرت مہوتسو منا رہے ہیں۔ پی ایم مودی کی ہر گھر ترنگا کی مہم کے ساتھ، ہمارا نعرہ ’ہر ہاتھ ترنگا‘ ہے۔ ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے امن کی ضرورت ہے۔ راجیش جھا نے کہاکہ’ ہم یہاں امن کا پیغام لے کر آئے ہیں اور چاہتے ہیں کہ جموں و کشمیر کے لوگ ترنگا کے ساتھ آگے بڑھیں‘۔یوتھ صدر سلامی ترنگاجموں و کشمیر محمد یوسف نے کہاکہ ترنگا شکارا ریلی نے 15 روزہ پروگرام کا آغاز کیا جو یوم آزادی پر اختتام پذیر ہو گا ۔