ڈرین کے مین ہول کھلے | شیخ حمز کالونی عیدہ گاہ میں حادثہ پیش آنے کا خدشہ

 سرینگر //شیخ حمزہ کالونی عیدگاہ میں ارا کی جانب سے سڑک کا کام ادھورا چھوڑنے کی وجہ سے مقامی لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ کالونی میں رہنے والے مشتاق احمد نامی ایک شہری نے بتایا ’’ کالونی میں سڑک کی تعمیر کا کام نومبر مہینے میں شروع کیا گیا جبکہ جنوری مہینے تک ڈرین کیلئے پائپوں کی تنصیب کا کام بھی مکمل کیا گیا لیکن 3جنوری کی برف باری کے ساتھ ہی اکنامک ریکنسٹریکشن کمپنی کا کوئی پتہ نہیں ہے‘‘۔ مشتاق احمد نے بتایا ’’ سڑک کی تعمیر سے جڑے لوگوں نے پائپوں کی تنصیب کیلئے جو کھڈ کھودے ہیں وہ بھی کھلے ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا ’’ گندی پانی کی نکاسی کیلئے بنائی گئی ڈرین کے مین ہولوں کو بھی کھلا چھوڑا گیا ہے‘‘۔مشتاق نے بتایا کہ کالونی میں کھلے مین ہولوں کی وجہ سے کئی حادثات پیش آئے ہیں جبکہ مقامی لوگوں کو بیماری کی صورت میں مریض کو ایک کلو میٹر دور پیدل لیکر چلنا پڑتا ہے ۔مذکورہ شہری نے بتایا کہ مقامی لوگوں نے ایرا کے اعلیٰ افسران سے کئی بار مداخلت کی اپیل کی ہے لیکن اعلیٰ حکام میں سے کوئی ٹس سے مس نہیں ہورہا ہے۔ چیف ایگزیکیٹو آفیسر ایرا عابد رشید نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ منفی ڈگری میں تعمیراتی کام نہیں ہوسکتا لیکن یہ بات سچ ہے کہ اگر سڑک میں مین ہول کھلے رکھیں گئے ہیں تو وہ حادثات کا سبب بن سکتے ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کے مشکلات کا ازالہ کرنے کیلئے جلد اقدامات کئے جائیں گے۔