ڈرگس ڈی ایڈکشن پالیسی کی منظوری کاخیرمقدم

راجوری//ضلع راجوری کی مختلف سماجی تنظیموں اورسول سوسائٹی نے ریاستی انتظامیہ کونسل کی میٹنگ کے دوران ریاستی گورنرانتظامیہ کی طرف سے اپنی نوعیت کی پہلی ڈرگس ڈی ایڈکشن پالیسی منظورکرنے کے حکومتی فیصلے کی ستائش کی ہے۔ یہاں پریس کلب راجوری میں منعقدہ پریس کانفرنس سے منشیات مخالف مہم کوعرصہ درازسے چلانے والے نوجوانوں بشمول لیاقت چوہدری، شفقت میر ،امجدمیر اورتعظیم ڈاروغیرہ نے خطاب کرتے ہوئے حکومت کے ڈی ایڈکشن پالیسی کی منظوری کے فیصلے کوسراہاگیا۔مقررین نے کہاکہ ریاست میں آئے روزکثیرتعدادمیں نوجوان منشیات میں مبتلاہورہے ہیں جس سے سماج میں بگاڑ پیداہورہاہے۔انہوں نے کہاکہ ریاست میں بڑھتی ہوئی منشیات کی روکتھام کیلئے ڈرگ ڈی ایڈکشن پالیسی وقت کی ضرورت تھی ۔لیاقت چوہدری ودیگران نے کہاکہ جموں کشمیر  کے نوجوانوں میں منشیات کی لت ایک تشویشناک مسئلہ ہے جس کی وجہ سے سماج کے لیے ایک بڑا چیلنج پیداہو گیاہے۔انہوں نے کہاکہ راجوری ضلع میں بھی متعددنوجوان منشیات کے چنگل میں آکراپنی جانیں گنواچکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت کے ڈرگ ڈی ایڈکشن پالیسی کومنظوری دینے کے فیصلے کی جس قدرستائش کی جائے کم ہے۔انہوں نے امیدظاہرکی کہ انتظامیہ کی جانب سے اس پالیسی کولاگوکرنے سے منشیات کی روکتھام میں مددملے گی اورہزاروں گھرتباہ ہونے سے بچ جائیں گے۔منشیات مخالف سماجی کارکنان نے حکومت سے مانگ کی کہ پالیسی کومن وعن عملایاجائے۔