ڈرون خدشات کے بعد راجوری ضلع کی حدود میں فضائی بندشیں عائد

راجوری //جموں کے ٹیکنکل ائیر پورٹ پر ہوئی ڈرون حملے اور مختلف مقامات پر ڈرون کے مشکوک گردش کے بعد ضلع انتظامیہ راجوری نے احتیاطی طورپر ضلع میں ڈرون اور دوسری فضاء میں اڑنے والی اشیاء کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کر دی ہے جبکہ پہلے سے خریدی گئی اشیاء کو پولیس کے پاس جمع کروانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہیں ۔ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری کی جانب سے جاری کردہ ایک حکم نامے کے تحت ضلع کی حدود میں فضائی بندشیں عائد کر دی گئی ہیں ۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ضلع میں ڈرون ودیگر اڑنے والی مصنوعات کے کاروبار اور خریدی پر پابندی عائد کردی گئی ہے ۔حکم نامے میں اڑنے والے کھلونوں کے کاروبار پر بھی روک لگائی گئی ہے جبکہ ماکان کو ہدایت جاری کی گئی ہیں کہ وہ پہلے سے خریدی گئی مصنوعی اشیاء کو جلدازجلد پولیس کے پاس جمع کروائیں ۔ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری راجیش کمار شون کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ نوعیت کے کھلونوں کو جمع کرنے ،اس کی فروخت ،ضلع میں اس کو منتقل کرنے ودیگر منسلک اقدامات پر بندشیں عائد کردی گئی ہیں ۔انہوںنے کہاکہ حالیہ دنوں سے ملک دشمن عناصر کی جانب سے ڈرون کا استعمال کئے جانے کے بعد مذکورہ پابندیاں عائد کی گئی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ 10سے 15برسوں سے ڈرون اور اس پر نصب کردہ کیمروں جیسی دیگر منصوعات کا استعمال زیادہ ہو گیا ہے لیکن رواں دنوں میں پید ا ہوئی صورتحال کی وجہ سے اب ضروری ہوگیا ہے کہ ان مصنوعات پر پابندی عائد کر دی جائے ۔