جموں// کرائم برانچ جموںنے سنیچر کو ایک ڈرائی فروٹ تاجر کو6.5کروڑ روپے کا چونا لگانے کے الزام میں ماں اور اس کے بیٹے کو سرینگر سے گرفتار کرلیا۔ایس ایس پی کرائم برانچ جموں کے مطابق شکیلہ اور اس کے بیٹے توصیف بٹ ساکن مغل مسجد حول کو کافی تلاش کے بعد سرینگر سے گرفتار کیاگیا۔ایس ایس پی کے مطابق دونوں ماںبیٹے گرفتاری سے بچنے کیلئے بار با ر اپنی جگہ تبدیل کررہے تھے۔ایس ایس پی کے مطابق یہ گرفتاری والز والنٹ انڈسٹریز برمانی روڈ سنجواں جموںکے مالک رئیس احمد کی تحریری شکایت پر کی گئی جنہوںنے اپنی شکایت میں لکھا تھا کہ انہوںنے نروال منڈی میں فروٹ بزنس شروع کرکے والز والنٹ انڈسٹریز نام سے بٹھنڈی میں فیکٹری بھی قائم کی تھی۔شکایت کے مطابق ریاض احمد متونے اپنی اہلیہ کے ہمراہ ان سے رابطہ کیا اور کہا کہ وہ بھی ڈرائی فروٹ تاجر ہے اور صدف ڈرائی فروٹ ودھاتا نگر بٹھنڈی کے نام سے کاروبار کررہا ہے جس کے بعد ان دونوں کے درمیان کاروبار شروع ہوا اور ریاض نے رئیس سے پیسوں کے عوض مال لینا شروع کردیا۔شکایت کنندہ کے مطابق ایک دن ریاض نے انہیں کہا کہ اُسے ایک بڑا آرمی کا ٹھیکہ ملا ہے اور آرمی کو بہت سارا ڈرائی فروٹ سپلائی کرنا ہے۔رئیس کے مطابق انہوںنے اس پر بھروسہ کیا اورکروڑں روپے مالیت کا ڈرائی فروٹ اس کو سپلائی کیاجس کے بعد دونوںمیاں بیوی سرینگر منتقل ہوگئے اور روپوش ہوگئے۔رئیس کے مطابق جب اُس نے ریاض کو سرینگر میں رابطہ کیاتو اُس نے ایک کروڑ پنتالیس لاکھ پچاس ہزار کے چیک دئے تاہم بنک کھاتہ میں کم رقم ہونے کی وجہ سے یہ سارے چیک بائونس ہوگئے جس کے بعد وہ پھر روپوش ہوگیا۔کرائم برانچ نے معاملہ کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس سٹیشن کرائم برانچ جموںمیں آر پی سی کی دفعہ120-Bاور420کے تحت کیس درج کرلیااور تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ توصیف احمد بٹ ولد بشیر احمد بٹ ساکن مغل مسجد حول سرینگر اس سازش کا اصل سرغنہ ہے جس نے ریاض احمد متواور اس کی اہلیہ رقیہ کے ساتھ مل کر مجرمانہ سازش رچا کر رئیس کو کروڑوں روپے کا چونا لگادیا۔دونوں ملزمان 7روزہ پولیس ریمانڈ پر ہیں اور اس دوران سکینڈ منصف جج جموںنے ان کی ضمانتی عرضی بھی مسترد کردی۔ان کی کمین گاہوںپر چھاپے ڈال کر موبائل فون ،ڈیبٹ کارڈ اور دیگر دستاویزات ضبط کرلی گئی ہیں جبکہ دوسرے ملزم ریاض احمد متو ولد غلا محمد متو ساکن خواجہ یاربل ،نظام کالونی نزدیک گرلز ہائر سکینڈی سکول سعید کدل رعناواری اور اس کی اہلیہ رقیہ کو گرفتار کرنے کی کوششیں جاری ہیں جو دونوں روپوش ہوچکے ہیں۔
ڈرائی فروٹ تاجر پر6.5کروڑ کا چونا لگانے کا الزام
